ملک بھرمیں 159 صحافی کورونا وائرس کا شکار، 3 شہید
ملک بھر میں 159 صحافی بھی کورونا وائرس کا شکارہوگئے ہیں۔ پی ایف یو جے کی کرونا ریسکیو کمیٹی نے پہلی ملک گیر رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق کورونا سے متاثرہ 3 صحافی شہید ہوئے جن میں سے ایک کا تعلق ملتان جبکہ دو کا سکھرسے تھا۔
رپورٹ کے مطابق 69 صحافی صحت یاب ہو کر گھروں کو واپس چلے گئے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سب سے زیادہ 84 صحافی لاہور میں کورونا وائرس کا شکار بنے، گلگت بلتستان،ایبٹ آباد،فیصل آباد ،بہاولپور اور رحیم یار خان کے صحافی ابھی تک کورونا وائرس سے محفوظ رہے جبکہ کراچی میں 9،راولپنڈی واسلام آباد میں 24 صحافی وائرس کا شکاربنے۔
پشاور میں 12،کوئٹہ میں 17 ملتان میں 5 صحافیوں کے ٹیسٹ پازیٹیو آئے ہیں، سکھر میں 6،گوجرانوالہ میں 2،حیدر آباد میں 1 صحافی کورونا کا شکار ہوا۔
چئیرمین کورونا ریسکیو کمیٹی ذوالفقار علی مہتو کے مطابق پنجاب میں متاثرہ صحافیوں کا ڈیٹا حکومت کے حوالے کردیا گیا فی کس 1 لاکھ روپے امداد ملے گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ دیگر صوبائی حکومتیں بھی متاثرہ صحافیوں سے مالی تعاون کریں۔