250 پاکستانی نیو یارک سے وطن کیلئے روانہ
پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی اے کی خصوصی پرواز 250 مسافروں کو نیو یارک ائیرپورٹ، نیو جرسی سے لے کر لاہور کیلئے روانہ ہو گئی۔
حکومت پاکستان نے کرونا وائرس کی وبا کے دوران امریکہ میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے خصوصی پروازوں کا سلسلہ شروع کیا ہے۔
اس ضمن میں پی آئی اے کی تیسری خصوصی پروازنیویارک ائیرپورٹ، نیو جرسی سے روانہ ہوئی، قونصل جنرل عائشہ علی نے اس موقع پر مسافروں کو رخصت کیا اور نیک تمناں کا اظہار کیا۔
انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں پھنسے پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی کیلئے ہر ممکن اقدامات کیئے گئے ہیں، سفارتخانہ اور قونصل خانے ہمہ وقت وطن واپس جانے کے خواہشمندپاکستانیوں سے رابطے میں ہیں۔
قونصل جنرل عائشہ علی کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی چوتھی خصوصی پرواز 21 مئی کو نیو یارک ائیرپورٹ، نیو جرسی سے روانہ ہوگی۔ پاکستان واپسی کے خواہشمند افراد سے سفارتخانہ یا متعلقہ قونصل خانے سے رجوع کرنے کا کہا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ دنوں شائع ایک رپورٹ کے مطابق بیرون ملک پھنسے رجسٹرڈ پاکستانیوں میں اضافہ ہوا اور تعداد 1 لاکھ 3 ہزارتک پہنچ گئی ہے۔
دستاویزکے مطابق 21 ہزار808 پاکستانی بیرون ملک نوکریوں سے فارغ کر دیئے گئے۔ 31 ہزارپاکستانی بنا تنخواہوں کے ایمرجنسی چھٹیوں پرموجود ہیں جب کہ ساڑھے 50 ہزارپاکستانی ویزوں کی معیاد ختم ہونے اوردیگروجوہات کے باعث بیرون ملک میں محصورہیں۔
مزید پڑھنے کیلئے:
برطانیہ میں پھنسے پاکستانیوں کیلئے پروازوں کا فیصلہ
اندرون ملک 5 شہروں کے درمیان پروازیں چلانے کا اعلان
چین میں پھنسے طلبہ کی وطن واپسی کیلئے رعایتی ٹکٹ
ملائیشیا کی جیلوں میں قید سینکڑوں پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے