چین میں پھنسے طلبہ کو وطن واپسی کیلئے رعایتی قیمت پر ائیر ٹکٹ دینے کا فیصلہ
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز ذلفی بخاری کا کہنا ہے کہ چین میں پھنسے طلبہ کی وطن واپسی کیلئے رعایتی قیمت پر ائیر ٹکٹ دیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ووہان سے ائیرٹکٹ صرف 50 ہزار روپے کا ہوگا، حکومت پاکستان 18 مئی کو پی آئی اے کی خصوصی پرواز چلائے گی۔ ذلفی بخاری نے کہا کہ چین میں پھنسے 300 طلبہ کو وطن واپس لایا جائے گا۔
خیال رہے کہ چین کے شہر ووہان میں کورونا وائرس سب سے پہلے سامنے آیا تھا جس کے بعد چین نے پورے شہر کو سیل کردیا تھا اور وہاں سینکڑوں پاکستانی بھی پھنس گئے تھے۔
دوسری جانب ملک میں کورونا وائرس سے مزید 31 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 833 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 38594 تک جاپہنچی ہے۔
اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 291 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ سندھ میں 255 اور پنجاب میں 245 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
اس کے علاوہ بلوچستان میں 30، اسلام آباد 7، گلگت بلتستان میں 4 اور آزاد کشمیر ممیں مہلک وائرس سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔