4 کیٹیگریز کے طالب علموں سے ستمبر، نومبر کے درمیان امتحان لیا جا سکتا ہے: شفقت محمود
وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں نویں سے دسویں اور گیارہویں سے بارہویں جماعت میں جانے والوں کو کمبائن پیپرز نہیں دینے ہوں گے، وہ آئندہ سال صرف دسویں اور بارہویں کے امتحان دیں گے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ قومی رابطہ کمیٹی نےتمام تعلیمی ادارے15 جولائی تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھا اور نویں، دسویں اور انٹر کے امتحانات نہ ہونے کا اعلان کیا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ جمعرات کے روز تمام صوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس ہوا اور بنیادی فیصلے ہوئے، 40 لاکھ بچوں نے نویں، دسویں،گیارہویں، بارہویں کے امتحانات دینے تھے، بچوں کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسا فارمولا بنانا تھا کہ سال بھی ضائع نہ ہو۔
وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ اجلاس میں اہم فیصلے ہوئے ہیں جس کے مطابق نویں اور گیارہویں کا امتحان نہیں ہوگا، جن کے پاس نویں اور گیارہوں کانتیجہ ہے انہیں دسویں اور بارہویں میں پروموٹ کردیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ دسویں اور بارہویں میں پروموٹ ہونےوالے صرف دسویں اور بارہویں کا امتحان دیں گے، جائزے سے پتہ چلا ہے کہ نویں کے مقابلے میں دسویں کانتیجہ بہتر ہوتا ہے۔
شفقت محمود نے کہا کہ 4 کیٹیگریز کے طالب علموں سے ستمبر، نومبر کے درمیان امتحان لیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک کیٹیگری میں وہ طلبہ ہوں گے جو گیارہویں کے نمبروں سے خوش نہیں اور بارہویں میں بہتری لانا چاہتے تھے، دوسری کیٹیگری میں وہ طلبہ ہیں جو اس سال اکٹھے امتحان دینے جا رہے تھے، تیسری کیٹیگری میں وہ طلبہ ہیں جو کچھ مضامین میں بہتری کے امتحان دینا چاہتے تھے اور چوتھی کیٹیگری میں وہ طلبہ ہیں جو 40 فیصد سے زیادہ مضامین میں فیل ہیں۔
گیارہویں کے نتائج سے غیر مطمئن طالبعلم ستمبر، نومبر میں اسپیشل امتحان دے سکتے ہیں، جو کمپوزٹ امتحان دے رہے تھے اور گیارہویں کا نتیجہ نہیں تھا وہ ستمبر، نومبر میں امتحان دے سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جو طلبہ چند مضامین میں ہی پاس ہوئے وہ بھی ستمبر، نومبر میں امتحان دے سکتے ہیں، جو طلبی 40 فیصد سے زیادہ مضامین میں فیل ہوئے وہ بھی ستمبر اور نومبر میں امتحان دے سکتے ہیں۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ سپیشل امتحان کے خواہش مند طلبہ یکم جولائی تک اپنے اپنے بورڈ کو آگاہ کردیں۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ جوطلبہ ابھی نویں اور گیارہویں میں ہیں وہ اس سال امتحان نہیں دیں گے،جن طلبہ نے نویں اور گیارہویں کا امتحان دیا ان کو پروموٹ کر دیا گیا ہےجن کو دسویں اور بارہویں میں پروموٹ کیا جائے گا ان کو تین فیصد اضافی نمبر دیے جائیں گے۔