قومی

ہمیں مجبورنہ کریں کہ ہم بتادیں کہ کس نے آپ کو وزیراعظم بننے کا خواب دکھایا: بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں پتہ ہے کہ آپ نے اپنا سیاسی لوہا کیسے منوایا، ہمیں مجبورنہ کریں کہ ہم بتادیں کہ کس نے آپ کو وزیراعظم بننے کا خواب دکھایا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا شاہ محمود قریشی سے متعلق کہنا تھا کہ ‘وفاقی وزیرصاحب آپ نے ہماری جماعت کیوں چھوڑی ہمیں سب پتہ ہے، آپ اب بھی تحریک انصاف یا عمران خان کا نہیں اپنا سیاسی لوہا منوانے کی کوشش کررہے ہیں’۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر سندھ میں لوہا منوانے کی بات واپس لیں یا مستعفیٰ ہوجائیں۔ خیال رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سینیٹ میں تقریر کے دوران   کہا تھا  کہ سندھ حکومت کیسا آرڈیننس لا رہی ہے، آپ بجلی کے بل معاف کیسے کرسکتے ہیں؟ آپ ہوتے کون ہیں بل معاف کرنے والے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے ساتھ ہرگز امتیازی سلوک نہیں روا رکھا جا رہا، اس کو آبادی کے تناسب سے زیادہ سامان دیا، سندھ کے ساتھ نہ زیادتی ہوئی ہے نہ کریں گے، جیسے پنجاب میں لوہا منوایا اب سندھ میں ہم اپنا لوہا منوائیں گے، تیاری کرلو۔

اس معاملے پر پریس کانفرنس میں بلاول بھٹو کا مزیدکہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے اقدامات سے کسی غریب پاکستانی کو فائدہ نہیں پہنچا،انہوں نے وبا کے دور میں غریب کا نہیں سرمایہ دار کا تحفظ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ذمہ دارانہ طریقےسےعوام کی زندگی بچانی ہے، اشرافیہ لاک ڈاؤن اٹھانےکا مطالبہ کررہی ہے اور  عمران خان نے غریب کو استعمال کرکے اشرافیہ کوفائدہ پہنچایا ہے۔

بلاول کا کہنا تھا کہ عمران خان ملک کے صنعت کاروں کے مطالبات پر چل رہے ہیں، وہ کتنے ٹریڈ یونینز والوں سےملے؟ موجودہ دور میں  کسی کو ریلیف ملا تو انیل مسرت یا عمران خان کی اے ٹی ایمز کو ملا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا 18 ویں ترمیم کام کرنےمیں رکاوٹ نہیں ہے، پرویز مشرف اور ضیاء الحق کی ترامیم غیر آئینی تھیں، آصف زرداری اس ملک کے سب سے طاقتور صدر تھے لیکن انہوں نے وزیراعظم کو طاقتور بنایا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button