قومی

کورونا وائرس کا شبہ: 3 سینیٹرز کو سینیٹ اجلاس میں شرکت کرنے سے روک دیا گیا

سینیٹ سیکرٹریٹ نے کورونا وائرس کا شبہ ہونے پر 3 سینیٹرز کو سینیٹ اجلاس میں شرکت کرنے سے روک دیا۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز سینیٹر عابدہ عظیم، سینیٹر مولانا عطاالرحمان اور سینیٹر فدا محمد نے کورونا ٹیسٹ کروایا تھا جس کے باعث آج انہیں سینیٹ کے اجلاس میں شریک ہونے  سے روک دیا گیا ہے۔

ذارئع کا کہنا ہے کہ تینوں سینیٹرز کا دوبارہ کورونا ٹیسٹ کروایا جائے گا اور اس کی رپورٹ کو سامنے رکھ کر ہی ان کی اجلاس میں شرکت سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔ قومی اسمبلی اجلاس  کی طرح سینیٹ کے اجلاس سے قبل بھی تمام اراکین کے لیے کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا کیسز کی تعداد روز بروز بڑھتی جارہی ہے جس میں عام افراد سمیت ڈاکٹرز، طبی عملہ، فورسز کے اہلکار، حکومتی شخصیات اور اراکین اسمبلی سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔

دوسری جانب ملک میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 706 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 32081 تک جاپہنچی ہے۔

اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 257 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ سندھ میں 200 اور پنجاب میں 211 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ اس کے علاوہ بلوچستان میں 27، اسلام آباد 6، گلگت بلتستان میں 4 اور آزاد کشمیر ممیں مہلک وائرس سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button