پی آئی اے کے خصوصی فلائٹ آپریشن میں کرغزستان نظر انداز
حکومتی عدم دلچسپی کی وجہ سے پی آئی اے کی فلائٹ شیڈول لسٹ میں چوتھی بار بھی کرغزستان شامل نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے خصوصی فلائٹس کا شیڈول اکیس مئی تک جاری کردیا گیا ہے جس میں ایک بار پھر کرغزستان شامل نہیں۔
کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر کی طرح کرغزستان میں بھی تقریباً دس ہزار پاکستانی لاک ڈاون کا شکار ہیں، ان میں سے نو ہزار کے قریب میڈیکل اور انجیئرنگ کے طلبا ہیں جو اپنے ہاسٹلز اور رہائش گاہوں میں بند ہیں۔
حالیہ وباء کے بعد کرغزستان کی مقامی یونیورسٹیز نے ستمبر تک پڑھائی آن لائن کا اعلان کردیا ہے جس کے بعد یہ طلباء جو کہ اپنی رہائش گاہوں میں بند ہیں اور ستمبر تک فراغت کی وجہ سے اپنے گھروں کو پاکستان جانا چاہتے ہیں لیکن وزات خارجہ سے رابطے کے باوجود ان ہزاروں پاکستانیوں کی واپسی کے لئے تاحال کوئی پلان نہ بن سکا۔
متعلقہ خبریں:
متحدہ عرب امارات سے 250 مسافر پشاور پہنچ گئے
برطانیہ میں پھنسے پاکستانیوں کیلئے 17 مئی تک پروازیں چلانے کا فیصلہ
طلباء نے اپیل کی ہے کہ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم پاکستان عمران خان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ہمارے پریشانی پر غور کریں اور کرغزستان کے لئے بھی فلائٹ شیڈول کا اعلان کریں، بہت سے طلبہ ذہنی مریض ہوگئے ہیں، لاک ڈاون کی وجہ سے دو ماہ سے بشکیک میں پھنسے ہوئے ہیں، حکومت پاکستان سے اپیل ہے کہ کرغزستان میں موجود ہزاروں پاکستانیوں کے لئے واپسی کے پلان کا اعلان کرے اور پی آئی اے کے فلائٹ شیڈول میں کرغزستان کے طلبا کے لئے رعایتی پیکج دیا جائے۔
اس سلسلے میں پاکستانی سفارت خانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن طارق خان سے ان کے دونوں نمبروں پر کئی بار رابطے کی کوشش کی گئی تاہم موصوف نے فون ریسیو نہیں کیا۔
یاد رہے کہ 19 اپریل کو بھی کورونا وائرس کی وجہ سے کرغزستان میں پھنسے پاکستانی طلبا کی مشکلات سامنے آئی تھیں۔
طلباء کا کہنا تھا کہ ان کے پاس راشن ختم ہو گیا ہے اور باہر نکل بھی نہیں سکتے جس کی وجہ سے ان کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔