قومی

پہلی قربانی، پاک فوج کے میجر کورونا وائرس سے جاں بحق

انسداد کورونا کے اقدامات میں حکومت اور حکومتی اداروں کے شانہ بشانہ فرائض سرانجام دیتے ہوئے پاک فوج نے پہلی قربانی دیدی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میجر محمد اصغر پاک افغان سرحد پر تعینات اور کورونا وائرس کا شکار ہو گئے تھے، سانس میں تکلیف پر سی ایم ایچ پشاور منتقل اور وینٹی لیٹر پر رکھے گئے تاہم جانبر نہ ہوسکے۔

ٹوئٹر پر جاری پیغام میں آئی ایس پی آر کے سربراہ میجر جنرل افتخار نے میجر محمد اصغر کو شہید قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہید میجر نے فرض کی راہ میں جان دی ہے، قوم کی خدمت سے بڑا کوئی فرض نہیں اور ہمارے شہداء ہی ہمارے اصل ہیروز ہیں۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے اب تک 30 ہزار 9 سو سے زائد مصدقہ کیسز سامنے آئے ہیں، 666 افراد نے کورونا وائرس کی وجہ سے موت کو گلے لگایا ہے جن میں سب سے زیادہ 245 خیبر پختونخوا میں جاں بحق ہوئے ہیں۔

یہ بھی واضح رہے کہ ملک بھر میں بڑی تیزی سے کورونا وائرس کے نئے کیسز کے ساتھ ساتھ اموات کی شرح میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور اب تک ممبران قومی و صوبائی اسمبلی سے لے کر انتظامیہ کے افسران، پی آئی اے کے اہلکاروں، پولیس اور سب سے بڑھ کر ڈاکٹرز اور دیگر میڈیکل سٹاف سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اس موذی مرض کی زد میں آئے ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button