قومی

کورونا وائرس سے اب تک مزید 28 افراد جاں بحق، تعداد 514 ہو گئی

ملک میں کورونا وائرس سے اب تک مزید 28 افراد جاں بحق ہو گئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 514 ہوگئی، نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 22063 تک جاپہنچی ہے جن میں 5782 صحت یاب ہوئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے مطابق منگل کو ملک بھر سے کورونا کے مزید 611 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 28 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جن میں سندھ سے 307 کیسز 11 ہلاکتیں، پنجاب 30 کیسز 8 ہلاکتیں، خیبر پختونخوا میں 211 کیسز اور 9 ہلاکتیں، اسلام آباد سے 49 کیسز اور گلگت بلتستان سے 14 کیسز سامنے آئے ہیں۔

سندھ سے کورونا وائرس کے مزید 307 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 11 ہلاکتیں بھی سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کی۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ ہم نے 24 گھنٹوں میں 2250 ٹیسٹ کیے جس میں 307 نئے کیسز سامنے آئے اور 11 ہلاکتیں بھی ہوئیں جس کے بعد صوبے میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 8189 اور ہلاکتیں 148 ہو گئی ہیں۔

وزیراعلیٰ کے مطابق مزید 42 افراد صحتیاب ہو کر گھروں کو چلے گئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 1674 ہو گئی ہے۔

پنجاب میں اب تک کورونا کے مزید 30 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 8 ہلاکتیں بھی سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نی کی۔ترجمان کے مطابق صوبے میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 8133 اور ہلاکتیں 144 تک جا پہنچی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ 768 زائرین، 1926 رائے ونڈ سے منسلک افراد، 86 قیدی اور 5357 عام شہری کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔پنجاب میں کورونا سے اب تک 2716 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت میں کورونا وائرس کے مزید 49 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں، سرکاری پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 464 ہوگئی ہے جب کہ شہر میں وائرس سے اب تک 4 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

خیبر پختونخوا میں منگل کو کورونا سے مزید 9 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 194 تک جا پہنچی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں مزید 211 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3499 ہوگئی ہے، صوبے میں اب تک کورونا سے 875 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

گلگت بلتستان میں منگل کو مزید 14 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 386 تک پہنچ گئی، 3 افراد کا انتقال ہوا ہے جبکہ اب تک 282 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button