سویڈن میں لاپتہ پاکستانی صحافی ساجد حسین کی لاش مل گئی
سویڈن کے شہر اپسالا سے لاپتہ ہونے والے پاکستانی صحافی ساجد حسین کی لاش دریائے فائرس سے ملی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سوئیڈن کے پولیس ترجمان نے تصدیق کی کہ 2 مارچ کو لاپتہ ہونے والے ساجد حسین کی لاش 23 اپریل کو دریائے فائرس کے کنارے سے ملی ہے۔
پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ نے کسی حد تک اس شک کو دور کردیا ہے کہ ساجد حسین کسی جرم کا نشانہ بنے البتہ ان کی موت خود کشی یا حادثے کا نتیجہ ہونے کے امکان کو بھی رد نہیں کیا جا سکتا۔
ساجد حسین 2017 میں سویڈن آئے تھے اور انہیں 2019 میں سیاسی پناہ دے دی گئی تھی، وہ اپسالا میں پارٹ ٹائم پروفیسر کے طور پر بھی کام کرتے تھے۔
ساجد حسین کا تعلق بلوچستان کے ضلع کیچ سے تھا اور وہ منشیات اور دیگر مسائل پر لکھتے رہتے تھے۔
دوسری جانب عالمی صحافتی تنظیم رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز (آر ایس ایف) کے سویڈن کے سربراہ ایرک ہلکجیر کا کہنا ہے کہ ساجد حسین کو آخری بار سٹاک ہوم سے اپسالا کیلئے ٹرین میں سوار ہوتے دیکھا گیا تھا۔
پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ (پی ایف یو جے) نے بھی صحافی ساجد حسین کی موت کی مذمت کرتے ہوئے اسے وحشیانہ قتل قرار دیا ہے۔
ایک بیان میں پی ایف یو جے کے عہدیداروں نے سوئیڈش حکومت پر زور دیا ہے کہ ساجد حسین کی موت کی فوری تحقیقات کی جائیں۔