سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع
کورونا لاک ڈاؤن کے باعث بند ہونے والے فضائی آپریشن کی وجہ سے سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ کورونا وائرس کی وبا کے باعث سعودی عرب نے 15 مارچ کو تمام ممالک کے لیے فضائی آپریشن بند کر دیا تھا، پروازیں بند ہونے کی وجہ ہزاروں پاکستانی تقریباً ایک ماہ سے سعودی عرب میں پھنسے ہوئے ہیں جن میں عمرہ زائرین کی بھی ایک بڑی تعداد شامل ہے۔
پی آئی اے کی خصوصی پروازوں کے ذریعے سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور آج صبح پی آئی اے کی پرواز 250 پاکستانیوں کو لے کر جدہ سے لاہور پہنچی۔ لاہور پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز جدہ سے 10 پاکستانیوں کی میتیں بھی لیکر آئی۔
جدہ ائیرپورٹ پر مسافروں نے پرواز چلانے پر پی آئی اے کا شکریہ ادا کیا۔ ریاض سے پی آئی اے کی دوسری پرواز بھی 250 مسافروں کو لیکر اسلام آباد پہنچے گی۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں لاک ڈاؤن کے باعث فضائی آپریشن معطل ہے جس کی وجہ سے ہزاروں پاکستانی دیگر ممالک میں پھنسے ہوئے ہیں تاہم پی آئی اے کی خصوصی پروازوں کے ذریعے اب تک 27 ہزار کے قریب پاکستانیوں کو وطن واپس لایا جا چکا ہے جب کہ دیگر کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔
یہ بھی یاد رہے کہ گذشتہ روز پی آئی اے نے مختلف ممالک سے پاکستان آنے کے منتظر افراد کو وطن پہنچانے کا پلان مرتب کر لیا تھا، حکام کے مطابق ریلیف آپریشن میں 30 اپریل سے 3 مئی تک مجموعی طور پر 26 پروازیں ہوں گی۔