پٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر کی مزید کمی
حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر کمی کردی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی بے قدری کے باعث حکومت نے پٹرول 15 روپے فی لیٹر سستا کردیا، اس حوالے سے وزارت خزانہ نے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے متعلق اوگرا کی جانب سے وزارت خزانہ کو سمری بھجوائی گئی تھی جس میں پٹرول کی فی لیٹر قیمت 20 روپے 68 پیسے کم کرنے، ہائی سپیڈ ڈیزل 33 روپے 94 پیسے اور لائٹ ڈیزل 24 روپے 57 پیسے جبکہ مٹی کا تیل 44 روپے 7 پیسے سستا کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔
اعلان کردہ پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں 27 روپے 15 پیسے، مٹی کا تیل 30 روپے ایک پیسہ فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل 15 روپے فی لیٹر سستا کیا گیا ہے۔
نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا اور یکم مئی سے پیٹرول کی قیمت 96 روپے 58 پیسے سے کم ہو کر 81 روپے 58 پیسے فی لیٹر ہو گی، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 107 روپے 25 پیسے فی لیٹر سے کم ہو کر 80 روپے 10 پیسے، مٹی کا تیل 77 روپے 45 پیسے سے کم ہو 47 روپے 44 پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت 62 روپے 51 پیسے سے کم کرکے47 روپے 51 پیسے فی لیٹر ہوجائے گی۔
دوسری جانب توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ یکم مئی سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کے بعد مئی کی پہلے ہفتے میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں تیزی آئے گی۔
پٹرولیم ڈویژن نے آئل مارکینٹنگ کمپنیوں کو اپنے ڈپوز اور پمپس پر تیل کے مناسب ذخائر یقینی کی ہدایت جاری کر دی۔
جمعرات کو پٹرولیم ڈویژن کی طرف سے آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں ردوبدل کے بعد مئی کے پہلے ہفتے میں پٹرولیم مصنوعات کی زیادہ فروخت متوقع ہے، آئل مارکیٹنگ کمپنیاں اپنے ڈپوز اور پمپس پر تیل کے مناسب ذخائر یقینی بنائیں۔
پٹرولیم ڈویژن نے کہا کہ تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیان اور ریفائنریز یکم مئی کو بھی اپنے آپریشنز جاری رکھیں، آئل کمپنیز ایڈؤائزری کونسل سے کہا گیا کہ ان ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کیلئے تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیون اور ریفائنریز کو آگاہ کرے۔