آئندہ ہفتے سے کورونا کے روزانہ 50 ہزار ٹیسٹ ہوں گے
پاکستان میں اگلے ہفتے ہر روز کورونا وائرس کے 50 ہزار ٹیسٹ ہونے لگیں گے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک کے تمام متعلقہ اداروں کوکورونا ٹیسٹنگ کٹس فراہم کی جائیں گی تاکہ ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت اضافہ کیا جاسکے، پہلے صرف ان لوگوں کے ٹیسٹ کیے جاتے تھے جن میں کچھ علامات ظاہر ہوتی تھیں لیکن اب مختلف علاقوں میں کورونا کے رینڈم ٹیسٹ شروع کیے جائیں گے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھاکہ اس وقت 8 لاکھ کٹس ڈستیاب ہیں اور مزید کٹس خریدنے کی کوششیں جاری ہیں تاکہ کورونا ٹیسٹ کی تعداد کو ملک بھر میں مزید مؤثر کیا جا سکے۔
خیال رہے کہ اس وقت ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ کیسز کی تعداد ساڑھے بارہ ہزار سے متجاوز جبکہ 261 افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔
ہلاکتوں کے حساب سے خیبر پختونخوا تاحال سرفہرست ہے جہاں اب تک 89 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں، سندھ اور پنجاب 78، 78 اموات کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ اسی طرح بلوچستان میں دس جبکہ گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں تین، تین ہلاکتیں ہوئی ہیں۔