پاکستان میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 220 ہوگئی
پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 13 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ملک میں مہلک وبا سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 220 ہو گئی جب کہ مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مصدقہ مریضوں کی تعداد 10503 تک پہنچ گئی ہے۔
220 ہلاکتوں میں سے اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 83 افراد انتقال کرچکے ہیں۔ اس کے علاوہ سندھ میں 69، پنجاب میں 56، بلوچستان میں 6 جب کہ گلگت بلتستان اوراسلام آباد میں تین، تین افراد اس مہلک وائرس کے باعث ہلاک ہوئے۔
بروز بدھ ملک بھر سے کورونا کے مزید 837 کیسز رپورٹ ہوئے اور 13 ہلاکتیں بھی سامنے آئیں جن میں سے پنجاب میں 335 کیسز اور 7 ہلاکتیں، سندھ میں 320 کیسز 3 ہلاکتیں، خیبر پختونخوا 108 نئے کیسز 3 ہلاکتیں، بلوچستان سے 57 کیسز، اسلام آباد 9 ، گلگت بلتستان میں 7 اور آزاد کشمیر سے ایک کیس رپورٹ ہواہے۔
سندھ میں بدھ کے روز مزید 320 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی اور 3 افراد وائرس سے انتقال کرگئے۔ ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کے مطابق سندھ میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 69 اور متاثرہ مریضوں کی تعداد 3373 ہوگئی ہے۔ مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ صوبے میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 50 افراد صحت یاب ہوئے ہیں جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 715 ہوگئی ہے۔
پنجاب میں بدھ کے روز کورونا وائرس کے مزید 335 کیسز سامنے آئے جب کہ 7 ہلاکتیں بھی ہوئیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کی۔ عثمان بزدار کے مطابق صوبے میں نئے کیسز کے بعد مصدقہ مریضوں کی تعداد 4590 اور ہلاکتیں 56 ہوگئی ہیں۔ پنجاب میں اب تک کورونا سے 790 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت میں کورونا وائرس کے مزید 9 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔ پورٹل کے مطابق اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 194 ہوگئی ہے جب کہ شہر میں اب تک وائرس سے 3ا فراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
آزاد کشمیر میں بدھ کے روز کورونا وائرس کا ایک کیس سامنے آیا جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیا گیا ہے جس کے بعد علاقے میں کیسز کی تعداد 51 ہوگئی ہے۔
خیبر پختونخوا میں بدھ کو 108 نئے کیسز اور 3 ہلاکتیں سامنے آئیں جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 83 تک پہنچ گئی جب کہ مجموعی کیسز 1453 ہوگئے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں اب تک 414 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔بلوچستان میں بدھ کو کورونا وائرس کے مزید 57 کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 552 ہوگئی ہے۔
گلگت بلتستان میں بدھ کو مزید 7 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 290 ہوگئی جب کہ اب تک 201 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔