گجرات: پاک فضائیہ کا طیارہ گرکرتباہ، دونوں پائلٹ شہید
گجرات کے پاس پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گرکر تباہ ہوگیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تربیتی مشاق طیارہ گرنے سے اس میں سوار دونوں پائلٹ شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہےکہ حادثے میں انسٹرکٹر میجر عمر اور تربیت پانے والے لیفٹیننٹ فیضان شہید ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق میجرعمر گجرات اور لیفٹیننٹ فیضان کلر کہارچکوال کے رہنے والے تھے۔
11 مارچ 2020 کو بھی اسلام آباد میں شکرپڑیاں کے قریب پاک فضائیہ کا ایف-16 طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا جب کہ اس میں سوار پائلٹ ونگ کمانڈر نعمان اکرم بھی شہید ہوگئے تھے۔ پاک فضائیہ کے مطابق طیارہ مشہور چاندتارا چوک کے قریب جنگل میں گر کر تباہ ہوا جس کے بعد طیارے میں آگ لگ گئی اور جائے حادثہ سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔
اس سے قبل 30 جولائی 2019 کو بھی راولپنڈی کے علاقے موہڑہ کالو کے قریب پاکستان آرمی ایوی ایشن کا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا جس سے دو پائلٹس سمیت 18 افراد جاں بحق جب کہ 12 افراد زخمی ہوگئے۔ جاں بحق افراد میں پانچ فوجی اور 13 شہری شامل تھے جبکہ 12 افراد زخمی بھی ہوئے۔
پاک فوج کے تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق کنگ ایئر 350 طیارہ رات دو بجے کے قریب معمول کی تربیتی پرواز پرتھا کہ اس دوران وہ موہڑہ کالو کے قریب مکانات پر گرا جس کے نتیجے میں اس پر سوار پانچ افراد جن میں طیارے کے پائلٹ لیفٹننٹ کرنل ثاقب اور لیفٹننٹ کرنل وسیم کے علاوہ نائب صوبیدار افضل، حوالدار ابن امین اور حوالدار رحمت شامل تھے ہلاک ہو گئے۔