کورونا وائرس: یو اے ای میں 10 ہزار پاکستانی نوکریوں سے فارغ
کورونا وائرس کے باعث متحدہ عرب امارات میں 10 ہزار پاکستانیوں کو نوکریوں سے فارغ کردیا گیا۔ پاکستانی قونصل جنرل احمد امجد علی کے مطابق 35 ہزار پاکستانی متحدہ عرب امارات سے واپسی کے خواہش مند ہیں اور ان کی پاکستان قونصل خانے میں رجسٹریشن کردی گئی ہے۔
قونصل جنرل نے بتایا کہ یو اے ای میں 10 ہزار پاکستانی کورونا وبا کے باعث نوکریوں سے فارغ کردیے گئے ہیں جن کی وطن واپسی کے انتظامات کیے جارہے ہیں، واپسی میں سیاحوں، نوکری نہ رکھنے والوں اور بزرگوں کو ترجیجی دی جائے گی۔
قونصل جنرل کے مطابق دبئی ائیرپورٹ پر مسافروں کی واپسی پر سکرینگ کے انتظامات مکمل ہیں، پاکستانیوں کے لیے فلائٹس آپریشن کرنے کو تیار ہیں لیکن اتنی بڑی تعداد میں پاکستانیوں کی واپسی بہت بڑا چیلنج ہے۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں اب تک کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 2200 سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ 12 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان میں آج کورونا وائرس سے اب تک مزید 5 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 60 ہوگئی جب کہ مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4204تک پہنچ گئی ہے۔
ملک بھر میں اب تک کورونا سے ہونے والی 60 ہلاکتوں میں سے سب سے زیادہ 20 ہلاکتیں سندھ میں ہوچکی ہیں جب کہ خیبرپختونخوا میں 18 اور پنجاب میں اب تک 16 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ اس کےعلاوہ گلگت بلتستان میں 3، بلوچستان 2 اور سلام آباد میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔