قومی

پاکستان سے بین الاقوامی فلائٹ آپریشن جزوی بحال

 

حکومت کی جانب سے جزوی طور پر بین الاقوامی فلائٹ آپریشن بحال کرنے کی اجازت کے بعد پروازوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ گزشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر امور ہوا بازی غلام سرور خان کی خصوصی کاوشوں سے وزیر اعظم عمران خان نے پروازوں کی بحالی کی منظوری دی تھی۔

پہلے مرحلے میں کینیڈا اور برطانیہ کے لیے کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کے بعد اب کینیڈین حکومت کی درخواست پر پی آئی اے کی دو خصوصی پروازیں ٹورنٹو کے لیے روانہ ہو گئی ہیں۔

کراچی اور لاہور ائیر پورٹس سے 600 مسافر کینیڈا کے لیے روانہ ہوئے ہیں، کراچی سے پی کے 781 اور لاہور سے پی کے 789 کینیڈا کے لیے روانہ ہوئی، مسافروں کی جامع سکریننگ اور ان کے سامان سمیت ڈس انفیکشن کی گئی۔ ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کا کہنا ہے کہ کینیڈا سے دونوں پروازیں خالی آئیں گی۔

گزشتہ روز ایک نجی ٹیلی ویژن کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے ایوی ایشن غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ 2 اپریل سے بیرون ملک فلائٹ آپریشن شروع کر رہے ہيں، ایسے پاکستانی جن کے ویزے کی معیاد ختم ہو رہی ہو وہ پہلی ترجیح ہوں گے۔

غلام سرور خان نے کہا کہ بیرون ملک سے آنے والی تمام پروازیں اسلام آباد اتریں گی اور پاکستان پہنچنے پر تمام شہریوں کا ٹیسٹ کیا جائے گا، جن مسافروں کے نتائج مثبت آئیں گے انہیں قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔

خیال رہے کہ حکومت نے کورونا وائرس کی روک تھام کے پیش نظر 21 مارچ کو 8 بجے شب سے 4 اپریل تک بین الاقوامی فضائی آپریشن بھی معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ بعدا زاں ایوی ایشن ڈویژن نے اندرونِ ملک بھی فلائٹ آپریشن معطل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام پروازیں 26 مارچ صبح 6 بجے سے 2 اپریل صبح 6 بجے تک معطل کر دی تھیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button