قومی

کورونا وائرس: پاکستان میں جاں بحق افراد کی تعداد 23 تک پہنچ گئی

 

پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 23 ہوگئی ہے جب کہ مزید کیسز سامنے آنے کے بعد مجموعی کیسز 1848 تک جا پہنچے ہیں۔ پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں سے پنجاب میں سب سے زیادہ 9 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ سندھ میں 6 اور خیبرپختونخوا میں 5 افراد وائرس سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔

اس کے علاوہ بلوچستان میں ایک اور گلگت بلتستان میں اب تک 2 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہوئے ہیں۔

پاکستان میں آج بروز منگل اب تک کورونا وائرس کے مزید 85 کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے سندھ میں 61، گلگت بلتستان میں 14 اور بلوچستان میں 10 کیسز سامنے آئے ہیں۔

صوبائی محکمہ صحت کی سمری کے مطابق سندھ میں آج بروز منگل کورونا وائرس کے نئے تمام 61 کیسز لوکل ٹرانسمیشن کے ہیں جن میں سے کراچی کے 45 اور جام شورو کے 2 کیسز ہیں جب کہ حیدرآباد میں تبلیغی جماعت کے مزید 14 افراد میں کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔

بلوچستان میں آج بروز منگل کورونا وائرس کے مزید 10 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کی تصدیق صوبائی حکومت کے ترجمان کی جانب سے کی گئی ہے۔ صوبے میں کورونا وائرس کے نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی تعداد 154 ہوگئی ہ

آج گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 142 ہوگئی ہے۔

گزشتہ روز پنجاب میں کورونا وائرس سے مزید 3 افراد جاں بحق ہوئے جس کےبعد صوبے میں مجموعی طور پر ہلاکتوں کی تعداد 9 تک جا پہنچی ہے۔ پنجاب حکومت کی ترجمان مسرت چیمہ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جاں بحق مریضوں کی عمریں 70، 55 اور 42 سال تھیں اور ان میں سے 2 مریضوں کی ٹریول ہسٹری بھی موجود تھی۔

گزشتہ روز مزید 58 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد صوبے میں کُل کیسز کی تعداد 651 ہو گئی۔

بروز پیر خیبر پختونخوا میں مزید 29 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 217 تک جاپہنچی ہے۔ صوبائی وزیر صحت تیمور خان جھگڑا کا کہنا تھا کہ صوبے میں متاثرہ مریضوں میں 160 مقامی اور 57 ایران سے آئے افراد شامل ہیں۔ صوبے میں مہلک وائرس سے اب تک 5 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت میں مزید 8 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد اسلام آباد میں مریضوں کی تعداد 43 سے بڑھ کر 51 ہوگئی ہے۔

آزاد کشمیر میں اتوار کے بعد سے تاحال کورونا وائرس کا اب تک کوئی کیس سامنے نہیں آیا البتہ اتوار کو 4 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

آزادکشمیر کے وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی نے مزید 4 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ آزادکشمیر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button