قومی

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 887 تک پہنچ گئی

 

پاکستان میں کورونا وائرس سے اب تک مجموعی طور پر 6 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ ملک بھر میں کیسز کی تعداد 887 ہوگئی ہے۔ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد ملک بھر میں فوج تعینات ہے اور چاروں صوبے لاک ڈاؤن کا اعلان کرچکے ہیں۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گلگت بلتستان، آزاد کشمیر میں بھی فوج تعینات ہوگی اور فوج کی خدمات آئین کے آرٹیکل 131 اے کے تحت طلب کی گئی ہیں۔

گزشتہ روز بروز پیر ملک بھر سے کورونا کے 88 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے سندھ میں 42، پنجاب میں 24، گلگت میں 9، خیبرپختونخوا میں 7، اسلام آباد میں 4 اور بلوچستان میں 2 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد کل تک ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 884 تھی۔

پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے مجموعی طور پر 6 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جن میں بلوچستان میں ایک، خیبرپختونخوا میں 3، سندھ اور گلگت بلتستان میں ایک ایک شخص جاں بحق ہوچکا ہے۔

آج بروز منگل ملک میں کورونا وائرس کے اب تک 3 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز کی تصدیق کی ہے جس کے بعد پنجاب میں مجموعی کیسز کی تعداد 249 ہوگئی ہے جب کہ ملک بھر میں کیسز کی تعداد 887 تک جا پہنچی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹوئٹر کے ذریعے اعداد و شمار بتائے جس کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں 176، لاہور  51، گجرات 5، گوجرانوالہ 6، جہلم 3، راولپنڈی 2، ملتان 2، فیصل آباد 1، منڈی بہاالدین 1، رحیم یار خان 1 اور سرگودھا کا ایک کیس شامل ہے۔

سندھ میں گزشتہ روز  مزید 42 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد صوبے میں اب تک کُل کیسز کی تعداد 394 ہوگئی ہے۔

خیبر پختونخوا میں گزشتہ روز مزید 7 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے بھر میں متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 38 ہوگئی۔ صوبائی وزارت صحت کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں 16، پشاور میں 10، مردان میں 6، مانسہرہ میں 3، بونیر، چارسدہ اور کرک میں ایک، ایک مریض میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔

گزشتہ روز صوبے میں مزید 2 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 110 ہوگئی۔ گلگت بلتستان میں بھی گزشتہ روز مزید 9 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ کیسز کی تعداد 80 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ محمد حفیظ کے مشیر برائے اطلاعات شمس میر نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سامنے آنے والے 9 مریضوں کا تعلق ضلع نگر سے ہے اور نئے مریضوں کی کوئی ٹریول ہسٹری نہیں ہے۔

کورونا سے بچاؤکے لیے پورا پاکستان بند ہے، بلوچستان حکومت نے بھی آج دوپہر 12 بجے سے 7 اپریل تک لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے جب کہ سندھ، پنجاب گلگت بلتستان لاک ڈاؤن اور خیبر پختونخوا پہلے ہی شٹ ڈاؤن کا اعلان کر چکے ہیں۔ آزاد کشمیر میں بھی آج سے 3 ہفتوں کا لاک ڈاون شروع ہو گیا۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button