اسلام آباد، تبلیغی جماعت کے 6 افراد میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق
اسلام آباد کے علاقے بھارہ کہو میں تبلیغی جماعت کے 6 افراد میں بھی کورونا کی تصدیق ہوگئی۔ اے ایس پی بھارہ کہو حمزہ امان اللہ کے مطابق کوٹ ہتھیال میں 6 غیر ملکیوں سمیت 13 لوگوں کی جماعت تبلیغ پر تھی، جماعت میں شامل پہلے ایک غیر ملکی میں وائرس کی تصدیق ہوئی تھی اور اب جماعت میں شامل پانچ مزید افراد کا ٹیسٹ کیا گیا جو مثبت آیا۔
انہوں نے کہا کہ جماعت میں شریک باقی 6 افراد کے بھی ٹیسٹ کروائے جا رہے ہیں، کوٹ ہتھیال کے خارجی و داخلی راستوں پر پولیس تعینات کر دی گئی ہے، تمام علاقے کو قرنطینہ میں بدل دیا گیا ہے۔
اے ایس پی کے مطابق ضلعی انتظامیہ اہل علاقہ کے ٹیسٹ کروائے گی، علاقے میں دودھ، کریانہ، بیکری کے علاوہ باقی دکانیں بند کروا دی گئیں، بھارہ کہو بازار بھی بند کریں گے، ضلعی انتظامیہ کے احکامات کا انتظار ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق تبلیغی جماعت کے اراکین نے بھارہ کہو کی 2 مساجد میں قیام کیا تھا اور ان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد دونوں مساجد کو بند کردیا گیا ہے۔ فی الحال 19 افراد کو قرنطینہ میں رکھے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے،ضلعی انتظامیہ نے اہل علاقہ کو گھروں میں نماز پڑھنے کی ہدایت کی ہے ۔انتظامیہ نے شہریوں کو کورونا کی علامات کی صورت میں فوری ہسپتال پہنچنے کی ہدایت کردی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں بھی کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور مہلک وائرس سے ابھی تک پورے ملک میں 6 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔