اگر عوام نے تعاون نہ کیا تو لاک ڈاؤن ہو جائے گا۔ فردوس عاشق اعوان
معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق عوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے پیغام دیا اگر عوام نے تعاون نہ کیا تو لاک ڈاؤن ہو جائے گا۔
اتوار کو معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے درپیش ایشو اور مسائل کا ذکر کیا، حقائق پر مبنی تجزیہ پیش کیا اور انسداد کورونا کے اقدامات سے قوم کو آگاہ کیا، عوام نے تعاون نہ کیا تو لاک ڈاؤن کا آپشن موجود ہے، لاک ڈاؤن کا آپشن وقت آنے پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے حوالے سے اقدامات سے آگاہ کیا، ہم عوام کو سہولت کاری فراہم کر رہے ہیں، وزیراعظم نے آج بھی عوام سے تعاون کی اپیل کی ہے، عوام میں تعاون کی جھلک نظر نہیں آرہی۔
معاون خصوصی نے کہا کہ تمام صوبوں کے ساتھ آن بورڈ ہیں،چاہتے کہ پہلے عوام کو موقع دیں، عوام کو احتیاط کرنے کی اپیل کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عوام کی حفاظت اور سلامتی کے لیے پرعزم ہیں، اس وقت چیلنج عوام میں احساس پیدا کرنا ہے، اس چیلنج سے نبرد آزما ہونے کے لئے میڈیا کا تعاون ناگزیر ہے، ہر فرد کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں علماء کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، وزیراعظم عمران خان نے خطاب میں لاک ڈاؤن کے ساتھ جڑے حقائق کی جانب نشاندہی کی ہے اور لاک ڈاؤن کا آپشن بند نہیں کیا۔