قومی

کورونا وائرس، سندھ اور گلگت بلتستان کا لاک ڈاؤن کا اعلان

ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر سندھ اور گلگت بلتستان کی حکومتوں نے لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آج رات بارہ بجے سے کراچی سمیت سندھ بھر میں 15 روز کے لئے لاک ڈاؤن کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تمام دفاتر اور اجتماع گاہیں بند ہوں گی، لوگوں کو بلاضرورت گھر سے نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی، قانون نافذ کرنے والے ادارے ضرورت کے تحت باہر نکلنے والوں کو اجازت دیں گے، ایک گاڑی میں ایک ڈرائیور کے ساتھ صرف ایک شخص سفر کر سکے گا۔

انہوں نے حکم دیا کہ اگر کوئی شخص کسی کام سے نکلے گا تو وہ اپنے پاس قومی شناختی کارڈ رکھے، کوئی شخص بیمار ہے تو اس کو ہسپتال منتقل کیا جاسکتا ہے جس کے لیے 3 افراد یعنی مریض، ڈرائیور اور تیماردار اجازت ہو گی۔

مراد علی شاہ کے مطابق احتیاطی تدابیر کے ساتھ ضروری سروسز اور کھانے پینے کی چیزوں کی سپلائی جاری رہے گی، ہم مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کو روکیں گے، جب ہم سختی کریں گے تو مسئلے مسائل ہوں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حکومت سیاسی جماعتوں اور مخیر حضرات کے ساتھ مل کر غریبوں کے گھر تک راشن پہنچائے گی یا نقد پیسے دے گی، یہ مہینہ سب کے لئے مشکل ہوگا، خاص طور پر دیہاڑی دار کے لئے، ہم سب غریبوں کا خیال رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ کرائے داروں کے لئے مالکان سے درخواست کرتا ہوں کہ اُن کا کرایہ ایک مہینے کے لیے مؤخر کریں، بجلی، پانی اور گیس کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی علاقے میں لوڈ شیڈنگ نہ کریں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بجلی اور گیس کمپنیوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن صارفین کا بجلی کا بل 5000 روپے اور جن کا گیس کا بل 2000 روپے تک ہے اُن سے اس مہینے کا بل نہ لیں، یہ بلز اگلے 10 مہینوں میں تھوڑا تھوڑا کرکے لیں، افواہوں سے بچنے کے لئے سندھ حکومت کا ایک فیس بک پیج اور ٹوئیٹر اکاؤنٹ ہوگا جہاں سے سندھ حکومت کی تمام ہدایات ملیں گی

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اگر عوام نے ساتھ نہیں دیا تو ہماری پوری محنت رائیگاں جائے گی، ہم لاک ڈاؤن کے دوران اپنی طبی سہولیات کو بہتر کریں گے، مخیر حضرات غریبوں کی امداد کے لئے آگے آئیں۔

انہوں نے کہا کہ میں وفاقی حکومت کا شکر گزار ہوں جو میری بھرپور مدد کررہی ہے، میں تمام سیاسی، سماجی اور مذہبی رہنماؤں کا بھی شُکر گزار ہوں کہ وہ تعاون کررہے ہیں

سید مراد علی شاہ نے مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقات کی جن میں مسلم لیگ ن کے محمد زبیر، پی ٹی آئی کے فردوس شمیم نقوی اور حلیم عادل شیخ، اے این پی کے سینیٹر شاہی سید، جی ڈے اے کے نند کمار اور شہریار مہر، ٹی ایل پی کے یونس سومرو، جماعتِ اسلامی کے حافظ نعیم الرحمٰن، ایم کیو ایم کے عامر خان، جی یو آئی (ایف) محمد اسلم غوری، پی پی کے وقار مہدی اور راشد ربانی،صوبائی وزراء عذرا فضل پیچوہو، سعید غنی، سید ناصر شاہ اور ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب موجود تھے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے تمام سیاسی رہنماؤں کو کورونا کی صورتحال سے آگاہ کیا اور لاک ڈاؤن کے فیصلے کے حوالے سے اعتماد مین لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک قومی ایمرجنسی ہے اور ہم سب کو اس میں ساتھ فیصلے کرنے ہیں۔

دوسری جانب گلگت بلتستان کی حکومت نے بھی لاک ڈاؤن کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بلاضرورت گھر سے نکلنے والوں کو گرفتار کیا جائے گا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button