کورونا کو شکست دینے کیلئے شاہد آفریدی بھی میدان میں!
ملک میں بڑھتے ہوئے کرونا وائرس کی تعداد کے بعد حکومت کے ساتھ ساتھ کھلاڑی بھی احتیاطی تدابیر بتانے کے لئے میدان میں آگئے ہیں، قومی کھلاڑیوں نے وڈیو اور ٹوئٹر پر اپنے پیغامات سے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت اور اپیل کی ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ ہمیں کورونا وائرس کو شکست دینے کے لیے ضروری ہدایات پر عمل کرنا ہوگا۔
اپنے ایک بیان میں شاہد آفریدی نے کہا کہ صحت ہے تو سب کچھ ہے کیوں کہ میں محفوظ تو پاکستان محفوظ ہے۔
سابق کپتان نے عوام کی آگہی کے لیے اپنے پیغام میں کہا کہ کھانے سے پہلے اور کھانے کے بعد اچھی طرح ہاتھوں کو دھویا جائے اور چھینکتے و کھانستے وقت ٹشو پیپر کا استعمال کیا جائے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل سیزن فائیو میں شرکت کے بعد وطن واپس جانے والے پشاور زلمی کے کوچ ڈیرن سیمی نے بھی سینٹ لوشیا میں اپنے گھر میں 14 دن کے لیے تنہائی اختیار کرلی ہے۔
ڈیرن کا کہنا تھا کہ ان کا پاکستان میں کورونا ٹیسٹ منفی آیا تھا لیکن انہوں نے کچھ احتیاطی تدابیر اختیار کی ہیں، اچھی طرح اپنے ہاتھ دھوئے، آنکھ، ناک اور منہ کو نہیں چھو رہے ہیں اور 14 روز انتظار کے بعد ہی اپنے اہل خانہ سے ملاقات کریں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے احتیاط ضروری ہے، امید ہے یہ وقت گزر جائے گا۔