کورونا وائرس: پاکستان میں بین الاقوامی فضائی آپریشن دو ہفتوں کے لیے معطل
پاکستان نے 21 مارچ سے دو ہفتوں کے لیے کسی بھی غیرملکی پرواز کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
وزیراعظم کے مشیر معید یوسف نے ہفتے کے روز پریس کانفرنس میں بتایا کہ 21 مارچ کی شام سے عائد ہونے والی یہ پابندی چار اپریل تک نافذ رہے گی۔ معید یوسف کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس پابندی کا اطلاق سفارت کاروں اور کارگو پروازوں پر نہیں ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگلے دو ہفتوں میں پاکستان میں دو لاکھ مسافروں کی آمد متوقع تھی اور دنیا بھر میں پاکستان کے سفارتی مشنز کو پاکستانی مسافروں کے حوالے سے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
وزیراعظم کے مشیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت نے بیرونِ ملک سے پاکستان آنے والے افراد کے لیے کورونا ٹیسٹ کی شرط ختم کر دی ہے اور فضائی آپریشن کی بحالی کے بعد آنے والے افراد کو ٹیسٹ کروانا ضروری نہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 500 سے تجاوز کرگئی ہے جن میں سے 3 افراد جاں بحق بھی ہوئے ہیں۔ جاں بحق افراد میں دو کا تعلق خیبرپختونخوا سے جبکہ ایک کا تعلق کراچی سے ہے۔