قومی

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 500 سے تجاوز کرگئی

 

پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مجموعی تعداد 504 ہوگئی ہے۔ سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 252 ہوگئی ہے جہاں کراچی میں 101 اور تفتان سے سکھر آنے والے 151افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ گزشتہ روز کراچی میں وائرس سے ایک شخص کی ہلاکت ہوئی جو پاکستان میں تیسری ہلاکت ہے۔

گزشتہ روز ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے بتایا کہ کراچی میں کورونا وائرس کے 287 نمونوں کے نتائج آگئے ہیں جن میں سے صرف 15 ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے کنفرم کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے اور محکمہ صحت کے مطابق 24 گھنٹے میں مزید 16کیسز سامنے آنےکےبعد مریضوں کی مجموعی تعداد 96 ہوگئی ہے جب کہ جہلم میں بھی کورونا کیس سامنے آگیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے سوشل میڈیا پر تصدیق کی کہ صوبے میں کورونا مریضوں کی تعداد 96 ہوچکی ہے، ان میں سے 71 زائرین ہیں۔ وزیراعلیٰ کے مطابق 15 مریض لاہور میں، 2 ملتان، 3 مظفر گڑھ اورگجرات میں 3،3 جب کہ جہلم اور راولپنڈی میں ایک ایک مریض سامنے آیا ہے، کنفرم مریضوں کو آئسولیشن وارڈز میں رکھا گیا ہے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس کے 11 نئے کیسز رپورٹ ہونے سے مصدقہ کیسز کی تعداد 92ہوگئی جب کہ 371 افراد کے ٹیسٹ کی رپورٹ آنی باقی ہے۔

محکمہ صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس کے شبے میں قرنطینہ میں منتقل کیے گئے مزید 11 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد صوبے میں کل کیسز کی تعداد 92 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت کی جانب سے کوئٹہ کے سول ہسپتا ل میں 23 افراد کی گنجائش کے ساتھ قرنطینہ سہولت قائم کردی گئی ہے جب کہ اس وقت کوئٹہ کے پی سی ایس آئی آر قرنطینہ مرکز میں مریضوں کی تعداد 532 اور تفتان میں 427 ہے۔ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 23 تک پہنچ گئی ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے عوام سے آئندہ 3 روز تک گھروں میں رہنے کی اپیل کردی۔ وزیراعلیٰ کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ آئندہ تین دن تک سب مکمل طور پر آئسولیشن میں جائیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کا گھروں میں رہناخود آپ کیلئے اور ہم سب کے لیے ضروری ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button