اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ، کفن بھی مہنگا ہو گیا
ملک میں جہاں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے وہیں اوپن مارکیٹ میں دالوں، گھی، چینی کی قیمتوں میں 20 روپے کلو تک کا اضافہ ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق دال مونگ 230 روپے سے 250 روپے کلو اور دال ماش 220 سے 227 روپے کلو ہو گئی، کریانہ مرچنٹس، نان بائیوں نے قیمتوں میں سرکاری اضافہ کے لئے پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس بلانے کی درخواست کردی۔
تاجروں کے مطابق دال مونگ 230 روپے سے 250 روپے کلو، دال ماش220 سے 227 روپے کلو، چینی کی قیمت میں 2 روپے کلو تھوک کا اضافہ ہو گیا، چینی کی 50 کلو کی بوری اضافہ کے ساتھ 4020 روپے ہو گئی، جبکہ سفید چنا کی قیمت 10 روپے اور چاول 12 روپے مہنگا ہوگیا۔
اس حوالے سے مرچنٹس ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ سپلائی میں بھی کمی ہو رہی ہے، اجناس کے دام میں اضافہ کے ساتھ نئی قیمتیں مقرر کی جائیں ورنہ ہڑتال پر مجبور ہوں گے، خوراک کے ساتھ ساتھ کفن کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے جب کہ پھولوں کی پتیوں کی قیمت میں ریکارڈ کمی دیکھنے میں آئی۔
ایسوسی ایشن کے مطابق مردانہ کفن سلا ہوا 1200 روپیسے بڑھ کر 2100 روپے ہو گیا، زنانہ کفن سلا ہوا 1300 روپے سے بڑھا کر 2200 سے 2500 روپے کر دیا گیا، قبروں پر ڈالنے والے خشک پھول اور چادر بھی 200 روپے سے بڑھ کر 500 سے ایک ہزار روپے تک ہوگئی۔
دوسری جانب شادی، ولیمہ، مہندی، سیاسی و سماجی تقریبات ختم ہونے سے پھولوں کے ہار، گجرے، پھولوں کی پتیوں اور مالا کی قیمت کم ہوگئی۔ گلاب کے پھولوں کی پتیاں 400 روپے کلو سے کم ہوکر صرف 100 روپے کلو ہوگئیں جب کہ گلاب کے پھولوں کا ہار صرف 10 روپے، گجرے 8 سے 10 روپے اورمالا کی قیمت 15 روپے ہوگئی۔