قومی

کورونا کا ایک اور کیس سامنے آگیا، پی ایس ایل کے باقی میچز بغیر شائقین کے!

پاکستان میں کورونا وائرس کا ایک اور مریض سامنے آیا ہے جس کے بعد ملک میں کیسز کی مجموعی تعداد 21 ہو گئی ہے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی وجہ سے کراچی میں شیڈول پاکستان سپر لیگ کے دیگر میچز بغیر شائقین کروانے کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم کراچی میں پی ایس ایل کے میچز کروا رہے ہیں لیکن اس سے زیادہ مزید رسک نہیں لے سکتے اور صرف آج کے میچ میں شائقین موجود ہیں کل سے تمام میچز بند سٹیڈیم میں ہوں گے، کل اور دیگر میچز میں شائقین نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کمشنر کراچی کو پاکستان کرکٹ بورڈ سے بات کرکے فیصلہ پر عمل کروانے کی ہدایت کی، کمشنر کراچی نے پی سی بی کو فون کرکے وزیر اعلیٰ سندھ کے فیصلے سے آگاہ کردیا۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی حکومتِ سندھ کی سفارش پر عمل کرتے ہوئے پی ایس ایل فائیو کے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شیڈول آئندہ میچز تماشائیوں کے بغیر منعقد کروانے کا فیصلہ کرلیا جس کے بعد کل سے نیشنل سٹیڈیم میں منعقد تمام میچز تماشائیوں کے بغیر ہوں گے۔

خیال رہے پی سی بی نے یہ فیصلہ حکومت سندھ کی سفارش اور کھلاڑیوں، آفیشلز، تماشائیوں اورمیڈیا کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر کیا ہے، اس کا اطلاق پی سی بی سے منظور شدہ کمرشل پارٹنرز، میڈیا نمائندگان اور دیگر سروس فراہم کرنے والے افراد پر نہیں ہوگا، کھلاڑیوں، اسپورٹ اسٹاف اور فرنچائز مالکان کے اہلخانہ کو بھی سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی۔

پی سی بی نے کھلاڑیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہاتھ ملانے سے اجتناب کریں، مداحوں سے بھی درخواست کی گئی ہے کہ کھلاڑیوں سے آٹوگراف ، تصاویر یا سیلفیز نہ لیں، علاوہ ازیں پی سی بی نے فیصلہ کیا ہے کہ میچ کے بعد کھلاڑی، حریف ٹیم کے اسکواڈ میں شامل اراکین سے ہاتھ ملانے کی بجائے زبانی کلام کریں۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ کرکٹ میں صحت اور حفاظت کو ہمیشہ ترجیح دی جاتی ہے، کھلاڑیوں، آفیشلز، تماشائیوں، میڈیا، سروس پرووائیڈرز اور سیکورٹی اہلکاروں کی صحت اور حفاظت مقدم ہے، پی سی بی کراچی کے فینز سے ہمدردی رکھتا ہے لیکن حکومتِ سندھ کی سفارش کے بعد ہمارے لیے بطور احتیاطی تدابیر یہ فیصلہ کرنا ضروری تھا، کھلاڑیوں اور ٹیموں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں اس حوالے سے انہیں باخبر رکھا جارہا ہے۔

وسیم خان نے کہا کہ  لیگ کے لاہور میں آئندہ میچز کے حوالے سے پی سی بی، پنجاب حکومت سے رابطے میں ہے اور اس حوالے سے پی سی بی صوبائی حکومت کی ہدایات پرمکمل عمل کرے گا، ٹکٹوں کی واپسی ری فنڈ پالیسی کے تحت بذریعہ کوریئر کمپنی اور ویب سائیٹ ہوگی جس کی تفصیلات جلد جاری کردی جائیں گی۔

دوسری جانب گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کا ایک اورمریض سامنے آیا ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق گلگت بلتستان کے ضلع شگرکے رہائشی 31 سالہ مظہرعلی میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 3 ہوگئی جب کہ ملک میں مجموعی طورپرکورونا مریضوں کی تعداد 21 ہوگئی ہے۔

محمکہ صحت کے مطابق متاثرہ شخص مظہر علی ایران سے 25 فروری کو واپس آیا تھا۔ مریض کو بے نظیرشہید اسپتال کے آئسولیشن وارڈ منتقل کیا گیا ہے۔ گزشتہ روزبھی گلگلت بلتستان میں کورونا وائرس کے مریض کی تصدیق ہوئی تھی۔

دوسری جانب سندھ حکومت کے ترجمان مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کا ایک اور مریض صحتیاب ہوگیا جو خوش آئند بات ہے۔ مرتضی وہاب نے بتایا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 14 ہے جس میں سے ایک 64 سالہ مریض صحتیاب ہوگیا ہے اب یہ تعداد 13 ہوگئی ہے، کل سے سندھ حکومت نے ایئرپورٹ سے 3 افراد کو اس وائرس کے شبہ میں اسپتال منتقل کیا ہے، ایئرپورٹ پر کام کرنا ہماری نہیں وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے جو اسے نہیں نبھا رہی۔

ادھر پنجاب کابینہ نے کورونا وائرس کے مسلسل پھیلاؤ کے پیش نظر صوبے میں میڈیکل ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب حکومت بھی کورونا وائرس سے بچاوَ کے اقدامات کر رہی ہے، مختلف ہسپتالوں میں آئسولیشن سینٹرز قائم ہیں، پنجاب کابینہ نے صوبے میں میڈیکل ایمرجنسی کی منظوری دی ہے، اس کے علاوہ کرونا وائرس کے خلاف اقدامات کیلئے ایک ارب روپے فنڈز کی منظوری بھی دے دی گئی یے۔

دوسری جانب ترجمان محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں اس وقت کورونا کا کوئی کنفرم مریض زیر علاج نہیں، ابھی تک کسی مریض میں کورونا وائرس کی مکمل علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ شب افغانستان سے واپس آنے والے ایک کورونا وائرس کے مشتبہ مریض کو طورخم بارڈر سے پشاور پولیس ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button