قومی

کورونا وائرس: کراچی میں عوامی اجتماعات پرپابندی لگانے کی سفارش

 

کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے بعد محکمہ صحت نے کراچی میں عوامی اجتماعات پر پابندی لگانے اور تعلیمی ادارے لمبے دورانیے تک بند رکھنے کی سفارش کردی۔

صوبائی وزیر صحت کی سربراہی میں محکمہ صحت سندھ کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام بھی شریک ہوئے، اجلاس میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافے کے بعد کی صورتحال پر غور کیا گیا اور اس دوران بعض اہم فیصلے بھی کیے گئے۔

محکمہ صحت نے ايئر پورٹ پر ہیلتھ ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے ذریعے کراچی آنے والے تمام مسافروں کی اسکریننگ کی جائے گی۔ اس کے علاوہ تمام نجی و سرکاری هسپتالوں میں فرنٹ لائن ڈیسک بھی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے،  فرنٹ لائن ڈیسک کورونا وائرس کے حوالے سے معلومات بھی فراہم کرے گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر میں عوامی اجتماعات نہ کرانے سے متعلق ایڈوائزری جاری کی جائے گی جب کہ پی ایس ایل کی طرز پر ہونے والے عوامی اجتماعات پر بھی پابندی لگانے کی تجویز دی گئی ہے۔

ترجمان محکمہ صحت نے بتایاکہ وزیراعلیٰ سندھ سے تمام تعلیمی اداروں کو لمبے دورانیے تک بند رکھنے کی سفارش کی جائے گی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کو گڈاپ میں قائم هسپتال میں طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

واضح رہےکہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 10 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ اب تک 4 ہزار ہلاکتیں رپورٹ کی جاچکی ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 16 ہے جن میں کراچی سے مزید 9 کیسز سامنے آگئے جس کے بعد صوبہ سندھ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 13 ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button