قومی

سکھر: مسافر ٹرین کا کوچ سے تصادم، 19 افراد جاں بحق

صوبہ سندھ کے علاقے روہڑی کے قریب کندھرا پھاٹک پر پاکستان ایکسپریس کی زد میں مسافر بس آگئی جس کے نتیجے میں 19 افراد جاں بحق اور 18 زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق روہڑی کے قریب کندھرا پھاٹک پر مسافر بس کراچی سے راولپنڈی جانے والی پاکستان ایکسپریس کی زد میں آگئی اور حادثہ پھاٹک نہ ہونے کے باعث پیش آیا۔

کوچ ڈرائیور نے ٹریفک جام کے باعث گاڑی کو ریل ٹریک سے گزارنا چاہ رہا تھا کہ گاڑی ٹرین کی زد میں آ گئی۔ پولیس نے بتایا کہ مسافر بس اور ٹرین کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 19 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

کمشنر سکھر شفیق مہیسر نے حادثے میں 19افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ جاں بحق ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو تعلقہ ہسپتال روہڑی اور سول ہسپتال سکھر منتقل کیا گیا ہے جبکہ ایک کلو میٹر تک کے علاقے کی سرچنگ کی جارہی ہے۔

پولیس کے مطابق مسافر کوچ کراچی سے سرگودھا جارہی تھی اور خوفناک حادثے میں بس کے 2 ٹکڑے ہوگئے۔ عینی شاہدین کے مطابق مسافر کوچ جب روہڑی پہنچی تو روہڑی پل پر ٹریفک جام تھا  جس پر ڈرائیور نے کوچ کو نیچے والے روڈ سے نکالنا چاہا لیکن سڑک کے بیچ میں ریلوے ٹریک تھا جہاں نہ پھاٹک اور نہ ہی روشنی تھی، ٹریک کے دونوں طرف کھجور کے درخت تھے بس ریلوے کا ایک بورڈ تھا جس پر لکھا تھا کہ پھاٹک اپنی ذمہ داری سے عبور کریں۔

ڈرائیور کوچ کو لے کر ریلوے ٹریک پر جیسے ہی پہنچا کوچ ٹریک پر آتی تیز رفتار پاکستان ایکسپریس کی زد میں آگئی اور  زور دار دھماکے کے بعد مسافر کوچ کے تین ٹکڑے ہوگئے، بیچ کا حصہ تو ٹرین ایک کلو میٹر تک کھینچ کر اپنے ساتھ لے گئی۔

ٹرین کے مسافروں کا کہنا ہے کہ جھٹکے کے بعد جب ٹرین رکی تو دیکھا ہر طرف لاشیں بکھری پڑی تھیں۔ حادثے کے بعد مقامی افراد، پولیس ، رینجرز اور ریسکیو عملہ فوری طور پر پہنچ گیا جس نے لاشوں اور زخمیوں نکال کر تعلقہ ہسپتال روہڑی اور سول ہسپتال سکھر پہنچایا۔ کوچ میں سوار خواتین اور بچوں سمیت 19 مسافر جاں بحق اور 18 زخمی ہوگئے۔

ترجمان ریلوے نے روہڑی حادثے پر وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی جانب سے اظہار افسوس کیا ہے۔ ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ حادثہ اَن مینڈ لیول کراسنگ پر پیش آیا،حادثہ بظاہربس ڈرائیورکی لاپرواہی سے پیش آیا، حادثے میں ٹرین انجن کو نقصان پہنچا اور اسسٹنٹ ڈرائیور زخمی ہوا جبکہ  ٹرین مسافر محفوظ ہیں۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button