قومی

پاکستان پر ٹڈی دل کا حملہ، چین کا ایک لاکھ بطخ بھیجنے کا ارادہ

پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے بعد ٹڈی دل ڈیرہ اسمعیل خان اور لکی مروت کے ساتھ ساتھ ںئے ضم شدہ ضلع کرم پر بھی حملہ آور ہوئے ہیں اور فصلوں کو شدید نقصان پہنچا رہے ہیں، ان حالات میں چین نے ٹڈیوں سے نمٹنے کے لیے ایک لاکھ بطخیں پاکستان بھیجنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

واضح رہے کہ سنہ 2000 میں چین نے زیہجیانگ نامی صوبے سے سنکیانگ میں اس وقت 30 ہزار ہطخیں بھیجی تھیں جب وہاں ٹڈی دل نے حملہ کیا تھا۔

اقوامِ متحدہ کے مطابق حال ہی میں ٹڈیوں کے حملوں میں اضافے کی وجہ 2018-19 کے سیزن میں انھیں افزائش کے لیے موزوں ترین موسم کا ملنا ہے، جنوری میں اقوامِ متحدہ نے مشرقی افریقہ میں ٹڈی دل سے نمٹنے کے لیے عالمی مدد کی اپیل کی تھی۔

ٹڈی دل لاکھوں کی تعداد میں جنوبی ایشیا کے علاوہ مشرقی افریقہ میں بھی تباہی مچا رہے ہیں اور اس وقت ایتھیوپیا، صومالیہ اور کینیا ٹڈی دل کے حملوں کا نشانہ بنے ہوئے ہیں جہاں ان کیڑوں نے بڑے پیمانے پر فصلیں تباہ کر دی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:

ٹڈی دل کا پاراچنار سمیت ضلع کرم کے مختلف علاقوں پر حملہ

چین کے زرعی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک بطخ روزانہ دو سو سے زیادہ ٹڈیاں کھا سکتی ہے۔ جبکہ ایک چوزہ بھی دن میں ستر ٹڈی کھا سکتا ہے، اور یہ ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے کرم کش ادویات سے زیادہ موثر ثابت ہوتی ہیں۔

پاکستان نے رواں ماہ کے آغاز میں ٹڈی دل کے حملے کے حوالے سے ہنگامی حالت کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ یہ ملک میں دو دہائیوں میں ہونے والا بدترین حملہ ہے جس کے بعد چینی حکومت نے رواں ہفتے اعلان کیا کہ وہ ماہرین کی ایک ٹیم پاکستان بھیجے گی جو ٹڈی دل کے خاتمے کا پروگرام بنائے گی۔

ژےجینانگ زرعی اکیڈمی سے تعلق رکھنے والے محقق لو لزہی کا کہنا ہے کہ بطخیں اس معاملے میں ’حیاتیاتی ہتھیار‘ ہیں، جہاں مرغیاں دن میں 70 ٹڈیاں ہی کھا پاتی ہیں بطخوں کی خوراک ان سے تین گنا زیادہ ہے اور چونکہ بطخیں گروپ کی شکل میں رہنا پسند کرتی ہیں اس لیے انھیں سنبھالنا بھی آسان ہے۔

لو لزہی کے مطابق چین کے صوبے سنکیانگ میں بطخوں کی مدد سے ٹڈیوں کے خاتمے کے تجرباتی منصوبے کا آغاز آنے والے مہینوں میں کیا جائے گا اور اس کے بعد بطخوں کو سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے ٹڈی دل سے متاثرہ علاقوں میں بھیجا جائے گا۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر بعض حلقے اس نئی پیشرفت پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں جن کا کہنا ہے کہ حکومت کو چین کی طرف سے آنے والی ہوا بھی روکنے کا بندوبست کرنا چاہئے چہ جائیکہ وہاں سے بطخیں درآمد کی جائیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button