رکن سندہ اسمبلی شہناز انصاری بھتیجے کی فائرنگ سے جاں بحق
اطلاعات کے مطابق صوبہ سندھ کے ضلع نوشہرو فیروز میں دریا خان مری کے قریب مسلح افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری شدید زخمی ہوگئیں
پیپلز پارٹی کی رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہوگئیں۔
اطلاعات کے مطابق صوبہ سندھ کے ضلع نوشہرو فیروز میں دریا خان مری کے قریب مسلح افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری شدید زخمی ہوگئیں۔
انہیں زخمی حالت میں پیپلز میڈیکل اسپتال نوابشاہ منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری اپنے بہنوئی کے چہلم میں شرکت کرنے آئی تھیں، فائرنگ کا واقعہ زمین کے تنازع پرپیش آیا۔
پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہناز انصاری کے بہنوئی مرحوم زاہد کھوکر کے بھتیجے نے فائرنگ کی۔
شہناز انصاری کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے تھا اور وہ خواتین کی مخصوص نشست پر رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئی تھیں۔
رکن سندھ اسمبلی شہنار انصاری کے قتل پر وزیر اعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی نوشہروفیروز سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے اور کہا ہے کہ قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔