قومی

خیبرپختونخوا: کورونا وائرس کے مشتبہ کیسز کلیئرقرار

 

خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے دو مشتبہ کیسز کو کلیئر قرار دے دیا گیا۔ صوبائی محکمہ صحت کے مطابق مشتبہ کورونا وائرس کے کیسز ضلع صوابی اور سوات میں سامنے آئے تھے جس کے بعد مشتبہ مریضوں کے نمونے تجزیے کے لیے قومی ادارہ صحت اسلام آباد بھیجے گئے تھے۔ قومی ادارہ صحت نے نمونوں کا تجزیہ کرنے بعد دونوں مشتبہ مریضوں کو کلئیر قرار دے دیا  ہے۔

کورونا سے امریکا، برطانیہ، جاپان اور تھائی لینڈ سمیت 20 سے زائد ممالک متاثر ہوئے ہیں جب کہ پاکستان میں اب تک کئی مشتبہ مریض سامنے آئے ہیں تاہم اب تک ان میں مہلک وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

پاکستان کے ہوائی اڈوں پر بھی کورونا وائرس کی تشخیص اور روک تھام کے لیے خصوصی کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں چین سے آنے والے افراد کی اسکریننگ کی جاتی ہے۔

دوسری جانب چین میں کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوزکر گئی جس کے بعد حکومت نے وائرس سے نمٹنے کے لیے کام کرنے والے متعدد اعلی عہدیداروں کو برطرف کردیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق چین کے صوبے ہوبئی میں کورونا وائرس کے باعث پیر کے روز 103 ہلاکتیں ہوئی جس کے بعد چین میں وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

ہوبئی ہیلتھ کمیشن کے مطابق پیر کے روز صوبے میں 2،097 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو گزشتہ روز 2618 کیسز کی تعداد کے نسبت کم ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق چین میں قومی سطح پر بھی کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد پہلے دن سے تقریباً 20 فیصد کم ہوچکی ہے۔

چینی حکومت نے صوبے ہوبئی میں ناقص حکمت عملی کے باعث سب سے سینئر عہدیدار ہیلتھ کمیشن کے سیکریٹری اور کمیشن کے سربراہ کو فارغ کردیا ہے۔ اس کے علاوہ مقامی ریڈ کراس کے ڈپٹی ڈائریکٹر  کو بھی فرائض میں غفلت برتنے پر ہٹا دیا گیا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button