چین سے پروازوں کا سلسلہ جاری، پاکستان سے کورونا وائرس کا پہلا مشتبہ کیس رپورٹ
چین سے واپس آنے والے پاکستانی طالب علم میں کورونا وائرس کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔
سندھ کے شہر خیرپور کا رہائشی شاہ زیب علی راہوجو ہفتے کے روز چین سے قطر کے راستے کراچی پہنچا ہے جہاں ایئرپورٹ پر اسے کلیئر کردیا گیا تاہم اس کی طبیعت بگڑ گئی ہے اور کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہو رہی ہیں۔
سول ہسپتال پیر جو گوٹھ کے ڈاکٹرز اور عملہ شاہ زیب میں وائرس کا شبہ ظاہر ہونے کے بعد علاج سے انکار کرتے ہوئے وارڈ چھوڑ کر چلے گئے۔
ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس اس مرض کا نہ علاج ہے اور نہ ہی ٹیسٹنگ کٹس ہیں۔
سندھ میں علاج نہ ہونے پرشاہ زیب نے اسلام آباد جانے کی کوشش کی تاہم ملتان ٹول پلازہ پر پولیس کی بھاری نفری نے شاہ زیب کو روکتے ہوئے واپس سندھ بھیج دیا ہے۔
شاہ زیب کو خیرپور کے علاقے گمبٹ کے ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے جہاں اس کی طبیعت بدستور خراب ہے۔
یہ بھی پرھیں:
کورونا وائرس، چین میں پھنسے پاکستانی اور ہماری تیاریاں
شاہ زیب پچھلے پانچ ماہ سے چین کی یونیورسٹی میں زیر تعلیم تھا اور چین سے اسکریننگ کلیئر ہونے کے بعد قطر ایئرپورٹ پر اس کی طبیعت خراب ہوئی، شاہ زیب اور اس کے بھائی نے سوشل میڈیا پر ویڈیو بھی شیئر کی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان کی طرف سے ہروازیں بحال ہونے کے بعد کل چین سے تین پروازوں میں 40 طلبہ سمیت 288 مسافر پاکستان آئے تھے،پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کا یہ سلسلہ جاری ہے جہاں سے مزید 36 مسافر کراچی پہنچے ہیں۔
ذرائع کے مطابق چین کی دوسری ائیرلائن نے بھی پاکستان کے لیے پروازیں شروع کردی ہیں جس کے بعد ائیر چائنا کی پرواز سی اے 945 رات ساڑھے 10 بجے کراچی ائیرپورٹ پہنچی۔
ذرائع نے بتایا کہ چائنا ائیر کی پرواز چین کے شہر بیجنگ سے کراچی پہنچی جس میں کراچی کے 36 مسافر سوار تھے، ذرائع کا کہنا ہے کہ ائیرپورٹ پر مسافروں کی کورونا وائرس سے متعلق جانچ کے بعد انہیں گھروں کو جانے کی اجازت دے دی گئی۔
چین میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 425 ہو گئی
درایں اثناء چین میں کورونا وائرس سے مزید 64 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے ساتھ وائرس سے موت کے منہ میں جانے والوں کی تعداد 425 ہو گئی۔
چینی حکام کے مطابق کورونا وائرس کے 2 ہزار 345 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد چین میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 19 ہزار 550 سے بڑھ گئی ہے۔
امریکا میں کورونا کے گیارہویں کیس کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ بھارتی ریاست کیرالہ میں بھی تیسرا کیس سامنے آگیا تاہم چین سے باہر صرف فلپائن میں ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق 24 ممالک میں اب تک کورونا وائرس رپورٹ ہوچکا ہے۔
خیال رہے کہ چین نے ووہان سے دنیا کے مختلف ممالک میں پھیل جانے والے 2019 ناول کورونا وائرس انفیکشن کے علاج کے لیے ایک دوا کی آزمائش شروع کردی ہے۔