قومی

آزادی مارچ کےبعد مولانا فضل الرحمان کی ایک اور حکومت مخالف تحریک کی تیاری

 

مولانا فضل الرحمان نے ایک بار پھر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کرحکومت مخالف تحریک کی تیاری کرلی۔

مولانا فضل الرحمن اس بار اکیلے نہیں بلکہ اپوزیشن کی پانچ جماعتیں بھی ان کے ساتھ ہوں گی، ان میں خیبر پختونخوا میپ، نیشنل پارٹی، جے یو پی، جمیعت اہلحدیث، قومی وطن پارٹی شامل ہیں۔ جے یوآئی (ف) کے ذرائع کے مطابق مشترکہ احتجاجی حکمت عملی کا آغاز 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر سے کیا جائے گا۔

9 فروری کو لاہور میں احتجاجی کنونشن ہوگا، 15 فروری کو اسلام آباد میں اپوزیشن کے احتجاجی کنونشن کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ 23 فروری کو کراچی اور یکم مارچ کو پشاور میں احتجاجی کنونشن کا انعقاد کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق کنونشنز سے مولانا فضل الرحمان، محمود خان اچکزئی، آفتاب شیرپاؤ سمیت مرکزی رہنما خطاب کریں گے، ملک گیر کنونشنز کے انعقاد کے بعد احتجاجی تحریک چلانے کے طریقہ کار کا فیصلہ کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ اس سے پہلے جمیعت علمائے اسلام ف اکتوبر 2019 میں آزادی مارچ کے نام پراسلام آباد میں دھرنا دیا تھا جس میں جے یو آئی نے وزیراعظم عمران خان کے استعفے، نئے انتخابات، آئین میں اسلامی دفعات کے تحفظ اور سویلین اداروں کی بالادستی سمیت کئی مطالبات کئے تھے تاہم ان کا دھرنا ناکامی کے ساتھ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا تھا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button