قومی

کورونا وائرس پھیلنے کا خدشہ: پاکستان نے چین کے لیے فضائی آپریشن معطل کردیا

 

کورونا وائرس کے ملک میں پھیلنے کے خدشے کے سبب پاکستان نے چین کے لیے فضائی آپریشن معطل کردیا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ہدایات جاری کی ہیں کہ چین کے لیے فوری طور پر تمام فلائٹ آپریشنز کو معطل کردیا جائے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ابتدائی طور پر تمام فلائٹس آپریشن کی 2 فروری تک معطلی کا فیصلہ کیا گیا ہے، 2 فروری کے بعد پاکستان چین کے درمیان فضائی آپریشن سے متعلق جائزہ لینے کے بعد دوبارہ فیصلہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر لوگوں کو چین سے نہیں نکال رہے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ چین میں اب تک 7831 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق اور 170 اموات ہوچکی ہیں، 15 ممالک میں یہ بیماری پھیل چکی ہے، ان ممالک کے افراد ماضی قریب میں چین سفر کرچکے ہیں تاہم پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے کوئی شخص متاثر نہیں ہوا ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ چین میں 4 پاکستانی اس وائرس سے متاثر ہیں، ہم عجلت میں ایسا کوئی قدم نہیں اٹھائیں گے جس سے نقصان اٹھانا پڑے، چین سے پاکستانی شہریوں کو نہ نکالنے کا معاملہ غیر زمہ داری نہیں بلکہ یہ ذمہ داری کا مظاہرہ ہے، اگر جلد بازی میں لوگوں کو نکالا تو وائرس دوسرے ممالک میں بھی پھیل جائے گا۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ حکومت نے صورتحال پر نظر رکھی ہوئی ہے جب کہ چین میں پاکستانی متاثرہ طلباء کی صحت بھی بہتر ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب چین سے شہری آئیں گے تو ان کی اسکیننگ کا بندوبست کیا ہوا ہے، جو چینی شہری آئیں گے وہ 14 روز نگہداشت میں رہیں گے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button