قومی

بلوچستان سے سال کا پہلا، خیبر پختونخوا سے تیسرا پولیو کیس رپورٹ

بلوچستان میں سال کا پہلا، خیبرپختونخوا میں تیسرا پولیو کیس سامنے آگیا،ایک ماہ کے دوران پولیو سے متاثر ہونے والے بچوں کی تعداد 6 تک پہنچ گئی
بلوچستان میں سال کا پہلا اور خیبر پختونخوا میں تیسرا پولیو کیس سامنے آنے کے بعد ملک میں رواں برس صرف ایک ماہ کے دوران پولیو سے متاثر ہونے والے بچوں کی تعداد 6 تک پہنچ گئی۔

اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع نصیرآباد کی تحصیل ڈیرہ مراد جمالی میں 20 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق مذکورہ بچے کو 3 مرتبہ پولیو ویکسین پلائی گئی تھی اور اس کے نمونے 3 جنوری کو حاصل کیے گئے تھے، حکام کا کہنا تھا کہ متعلقہ علاقے میں پولیو وائرس کے زیادہ اثرات ہیں۔

دوسری جانب ایمرجنسی آپریشن خیبر پختونخوا نے ضلع ٹانک میں پولیو کا نیا کیس سامنے آنے کی تصدیق کی۔

حکام کے مطابق ٹانک میں 11 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے نمونے 11 جنوری کو تصدیق کے لیے لیبارٹری بھیجے گئے تھے۔

ای او سی کے مطابق پولیو سے متاثر ہونے والے بچے کو حفاظتی ٹیکے بھی نہیں لگوائے گئے تھے۔

ادھر صوابی کے علاقے پرمولی میر علی لارہ میں نامعلوم افراد کی انسداد پولیو مہم کی ٹیم پر فائرنگ سے ایک خاتون ورکر جاں بحق جبکہ دوسری شدید زخمی ہوگئی۔

یادرہے کہ ملک میں سال 2019 سے اب تک 140 پولیو کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں زیادہ تر کیسز خیبر پختونخوا سے رپورٹ ہوئے ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button