قومی

ملک بھر میں کہیں دھند تو کہیں برف باری، سردی کی شدت برقرار

خیبر پختونخوا اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کا سلسلہ جاری جبکہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور برف باری کا سلسلہ پھر سے شروع ہو گیا ہے۔

ترجمان موٹروے کے مطابق شدید دھند کے باعث لاہور سے خانقاہ ڈوگراں، لاہور سے درخانہ، گوجرہ سے شام کوٹ سمیت موٹروے کے متعدد سیکشن عارضی طور پر بند کر دیئے گئے جبکہ قومی شاہراہ پر ٹھوکر، موہلنوال، مانگا منڈی، پھولنگر، جمبر، پتوکی، رینالہ خورد، اوکاڑہ، ساہیوال، ہڑپہ، میر داد مافی، چونیاں، چیچہ وطنی،کسوال، اقبال نگر اور ملحقہ علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں رہے جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی رہی۔

شدید دھند کی وجہ سے ملک بھر میں چلنے والی ٹرینیں بھی گھنٹوں تاخیر کا شکار ہیں جس کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

کوئٹہ سمیت شمالی بلوچستان میں ابھی گزشتہ ہفتے ہونے والی شدید برفباری کے اثرات کم نہیں ہوئے تھے کہ مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے شمال مغربی بلوچستان میں کہیں کہیں جبکہ بالائی خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔

واضح رہے کہ حالیہ بارشوں اور برفباری کے دوران ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 100 سے متجاوز ہو گئی ہے، آزاد کشمیر سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں تاحال معمولات زندگی متاثر ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button