قومی

حریم شاہ سے میری کبھی ملاقات نہیں ہوئی: فواد چوہدری

 

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حریم شاہ کی ویڈیو سے متعلق ان پر بے سروپا الزامات لگائے گئے، مبشر لقمان کے پاس ایسی کوئی ویڈیو نہیں۔

گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ایک شادی کی تقریب کے دوران ٹی وی اینکر کو تھپڑ رسید کر دیا تھا۔

ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین، اسحاق خاکوانی اور فواد چوہدری محسن لغاری کے بیٹے کی دعوت ولیمہ میں بات چیت کر رہے تھے کہ مبشر لقمان کے آتے ہی فواد چوہدری کا ان سے جھگڑا ہو گیا۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ فواد چوہدری نے ٹی وی اینکر کو تھپڑا مارا جس کے بعد دونوں گتھم گتھا ہوگئے جس کے بعد تقریب میں موجود دیگر شخصیات نے بیچ بچاؤ کرایا۔

اس حوالے سے جیو نیوز کے پروگرام ‘نیا پاکستان’ میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا ہےکہ گزشتہ روز نجی ٹی وی کے اینکر مبشر لقمان نے ساتھی صحافی کے ساتھ مل کر یوٹیوب پرپروگرام کیا، یہ پروگرام یوٹیوب چینل پر اپنی ریٹنگ بڑھانے کے لیے کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پروگرام میں حریم شاہ کی ویڈیو سے متعلق مجھ پر بے سروپا الزامات لگائے گئے، مبشر لقمان کے پاس ایسی کوئی ویڈیو نہیں، صرف ریٹنگ کے لیے پروگرام کیا گیا، ٹوئٹر پر مجھ پر بہت تنقید ہوتی ہے لیکن کبھی کسی کو بلاک نہیں کیا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان یا تحریک انصاف مبشر لقمان کو سپورٹ کرتے ہوں گے لیکن سپورٹ کرنے سے کیا صحافت کا لائسنس مل جاتا ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ میں نے جو کیا اپنے دفاع میں کیا، جواب دینا میرا حق ہے، آپ کسی پر الزام لگائیں توپھر رد عمل کےلیے بھی تیار رہنا چاہیے، پروگرام میں مجھ پر الزامات لگائے گئے، الزام لگانے والے کو ثابت کرنا ہوتا ہے نہ کہ جس پر الزام لگے۔

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی کا ٹک ٹک سٹار حریم شاہ سے متعلق کہنا تھا کہ حریم شاہ سے میری کبھی کوئی ملاقات نہیں ہوئی، وزارت خارجہ آفس سے جو ویڈیو لیک ہوئی وہ وہاں کی نہیں ہے، وزارت خارجہ کا آفس پانچویں منزل پر ہے، ویڈیو پہلی منزل کی ہے۔

یاد رہے کہ سوشل میڈیا سمیت الیکٹرانک میڈیا میں بھی ان دنوں حریم شاہ اور ان کی دوست صندل خٹک کی ٹک ٹاک ویڈیوز اور اہم سرکاری شخصیات تک ان کی پہنچ کے چرچے ہیں۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button