قومی

لکی مروت سمیت ملک بھر سے پولیو کے مزید 5 نئے کیسز رپورٹ

لکی مروت سمیت ملک بھر میں پولیو کے مزید 5 نئے کیسز سامنے آگئے ہیں جس کے بعد سال 2019 کے پولیو کیسز کی کل تعداد 128 تک جا پہنچی ہے۔

نئے سامنے آنے والے کیسز میں خیبر پختونخوا سے ایک جبکہ بلوچستان اور سندھ سے 2، 2 شامل ہیں۔

خیبر پختونخوا کے محکمہ صحت نے بیان جاری کرتے ہوئے ضلع لکی مروت کے علاقے سرائے نورنگ سے نئے کیس کی تصدیق کی۔

بیان میں بتایا گیا کہ 22 دسمبر کو بچے سے نمونے لے کر تصدیق کے لئے لیبارٹری بھیجے گئے تھے جس کی رپورٹ میں پولیو وائرس کی تشخیص ہوئی، سال 2019 سے اس وقت تک خیبر پختونخوا میں سامنے آنے والے پولیس کیسز کی کل تعداد 89 ہوگئی ہے۔

بیان کے مطابق 2020 کی پہلی 3 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز 13جنوری سے کیا جائے گا۔

دوسری جانب بلوچستان کے ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے حکام کے مطابق ضلع قلعہ عبداللہ اور جعفر آباد سے 2 بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔

قلعہ عبداللہ کے علاقے چمن میں 6 سال کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، علاقے میں پولیو وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے بچہ وائرس سے متاثر ہوا۔ اس کے علاوہ جعفر آباد کے علاقے استہ محمد میں بھی 16 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

حکام کے مطابق دونوں کیسز گزشتہ سال کے ہیں، وائرس میں مبتلا دونوں متاثرہ بچوں کے مطلوبہ نمونے دسمبر کو ٹیسٹ کے لیے بھجوائے گئے تھے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد سال 2019 میں بلوچستان میں پولیو وائرس کے کیسز کی تعداد 11 ہو گئی ہے۔

علاوہ ازیں سندھ کے ضلع میر پور خاص اور قمبر کے علاقے میں پولیو وائرس سے متاثرہ 2 نئے کیسز سامنے آئے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل خیبر پختونخوا سے پولیو کے پانچ کیسز رپورٹ ہوئے تھے جبکہ سندھ سے بھی پولیو کا ایک کیس سامنے آیا تھا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button