سردی، گیس بحران کی شدت میں اضافہ، شانگلہ میں برفباری سے نظام زندگی متاثر
ملک بھر میں سردی کی شدید لہر کم نہ ہوسکی ،بیشتر علاقے سرد ہواؤں کی لپیٹ میں ہیں، خیبر پختوانخوا میں ضلع خیبر اور دیر بالا میں موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی، جنوبی وزیرستان میں بھی ہلکی برفباری سے سردی مزید بڑھ گئی ہے۔
گلگت بلتستان کے ضلع غذر کے پہاڑوں اور بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری شروع ہوگئی، استور، اسکردو اور دیگر ملحقہ علاقوں میں شدید سردی کی لہر برقرار رہی، استور میں حالیہ زلزلے کے متاثرین شدید سرد موسم میں کھلے آسمان تلے امداد کے تاحال منتظر ہیں۔
شہر قائد میں سردی کی شدت برقرار رہی، محکمہ موسمیات کے مطابق سردی کی شدت میں کمی اور کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سائبریا کی ہواؤں کی رفتار بھی آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کم ہوجائے گی تاہم مغربی سسٹم کے باعث 6 جنوری کی رات اور 7 جنوری کی صبح ہلکی بارش متوقع ہے جس کے باعث سردی کی شددت میں ایک بار پھر اضافہ ہوجائے گا۔
دوسری جانب پشاور سمیت صوبہ کے بیشتر علاقوں میں گیس کی بندش اور کم پریشر نے شہریوں کو اذیت میں مبتلا کر دیا ہے، گھریلو امور کی انجام دہی میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
اس سلسلے میں پشاور کے علاقہ بشیر آباد کے مکینوں نے پجگی روڈ کو بند کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا جس کے باعث ٹریفک نظام درہم برہم ہوگیا، بعد ازاں حکام کی یقین دہانی پر مطاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔
اسی طرح شانگلہ میں وقفے وقفے سے برف باری نے نظام زندگی کو متاثر کردیا، اکثر نجی تعلیمی اداروں میں حاضری معمول سے کم رہی، ضلع بھر کے بالائی لنک سڑکیں بند رہی۔ مین سڑک پر جگہ جگہ سلائیڈنگ اور برف کی صفائی نہ ہونے سے ٹریفک کی روانی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مقامی افراد کے مطابق اکثر علاقوں میں بجلی کا نظام درہم برہم ہوچکا ہے، وادی تاریکی میں ڈوب گئی جبکہ برف باری سے بیشتر علاقوں کی بجلی گھروں کی تاریں بھی ٹوٹ گئی، سردی کی شدت مسلسل میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، مختلف ٹریفک حادثات میں کئی افراد زخمی ہوچکے ہیں۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ سڑکوں میں گاڑیوں کی پھسلن سے گاڑیاں پھنس گئی ہیں جبکہ متعدد گاڑیاں ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں۔
محکمہ موسمیات نے ہفتہ کو بھی وادی شانگلہ میں مزید برف پڑنے جبکہ اتوار کو موسم ابرالود رہنے، پیر اور منگل کو بارش اور برف باری کے بعد بدھ کو موسم صاف ہونے کی پیشگوئی کی ہے۔