قومی

پٹرول، بجلی اور گیس کے ساتھ آٹے کی قیمت میں بھی اضافہ

سال نو کے آغاز پر حکومت نے پٹرول، بجلی اور گیس کے ساتھ آٹے کی قیمت میں بھی اضافہ کردیا۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 50 سے 100 روپے تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد فائن آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 1000 جبکہ سپر فائن کی قیمت 1100 تک پہنچ گئی ہے۔

اسی طرح بلوچستان میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 80 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے جس کے بعد 20 کلو تھیلے کی قیمت 1120 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق گزشتہ ماہ بھی آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 50 روپے کا اضافہ ہوا تھا اور گزشتہ ماہ آٹے کا تھیلا 970 روپے تک میں فروخت کیا جارہا تھا۔

اسی طرح کراچی کے چکی آٹا کے 10کلو تھیلے کی قیمت میں بھی 50 روپے کااضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد چکی آٹے کے 10 کلو کے تھیلے کی قیمت 700 روپے ہوگئی ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق گزشتہ 2 ماہ کے دوران کراچی کے چکی آٹے کی قیمت میں دوبار اضافہ ہوا اور 2 ماہ قبل چکی آٹے کا تھیلا 600 روپے تک میں فروخت کیا جا رہا تھا۔

دوسری جانب صدر بلوچستان فلور مل ایسوسی ایشن سید ظہور آغا کا کہنا تھا کہ سرکاری گوداموں سے گندم فراہم نہیں کی جارہی، فلور مل مالکان مارکیٹ سے گندم مہنگے داموں خریدنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مہنگی گندم خرید کر سستا آٹا فروخت نہیں کر سکتے، اگر یہی صورتحال رہی تو اگلے چند روز میں آٹا مزید مہنگا ہو جائے گا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button