خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں کے باعث 17 افراد جان سے گئے
خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں کے باعث اب تک 17 افراد جاں بحق جبکہ 23 زخمی ہوئے۔ پی ڈی ایم اے نے پچھلے تین روز کے دوران بارشوں کے باعث جانی اور مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ بارشوں کے باعث حادثات کے نتیجے میں اب تک 17 افراد جاں بحق جبکہ 23 زخمی ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 9 مرد 3 خواتین اور 5 بچے جبکہ زخمیوں میں 9 مرد 3 خواتین اور 11 بچے شامل ہیں۔
دیواریں/چھتیں اور آسمانی بجلی گرنے سے مجموعی طور پر 116 گھروں کو نقصان پہنچا جس میں 100 گھروں کو جزوی اور 16 گھروں کو مکمل نقصان پہنچا۔
تیز بارشوں کے باعث جانی و مالی حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع باجوڑ ،سوات، مانسہرہ، بٹگرام، دیر لوئر مالاکنڈ، لکی مروت، کوہاٹ اورکزئی، شانگلہ، دیر اپر، بونیر، چترال لوئر، نوشہرہ, مھمند اور شمالی وزیرستان میں رونما ہوئے۔
حالیہ بارشوں میں سب سے زیادہ جانی و مالی نقصان ضلع باجوڑ میں ہوا جہاں 5 افراد جاں بحق 10 زخمی ہوئے اور 20 گھروں کو نقصان پہنچا۔
اسی طرح بارشوں کے باعث مختلف اضلاع میں 148 مویشی ہلاک، 4 سکولز اور 9 دیگر عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ پی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ اور امدادی ٹیمیں متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں۔
بارشوں کے باعث تمام بند شاہراہوں کو عام ٹریفک کے لئے بحال کر دیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ اضلاع کی ضلعی انتظامیہ کو متاثرین کو جلد مالی و امدادی معاونت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی اپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پر دیں۔