میرانشاہ بازار کا معاوضہ میر علی بازار کے طرز پر دیا جائے۔ تاجر برادری
شمالی وزیرستان میں تاجر برادری نے مطالبہ کیا ہے کہ انکو میرانشاہ بازار کا معاوضہ میر علی بازار کے طرز پر دیا جائے انکو کوئی نیا فارمولا یاتجربہ قبول نہیں۔
میرانشاہ بازار کے تاجر برادری کے صدر انور حسین نے ساتھیوں کے ہمراہ میرانشاہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن ضرب عضب میں میرانشاہ بازار مکمل طور پر منہدم ہوا جس سے تاجر برادری کو بھاری نقصان ہوا ہے۔ حکومت نے بار بار ہم سے وعدے کیے کہ تاجر برادری کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا لیکن ابھی تک ہم دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کے لیے تقریبا ایک ارب پچاس کروڑ روپے معاوضہ کے طور پر منظور ہوئے لیکن ابھی تک انکو نہیں ملے ہیں۔ ہماری معلومات کے مطابق ٹوٹل 6969 ڈیٹا ہے۔ پہلے ہم بتایا گیا کہ اس ڈیٹا کی ویریفکیشن ہوگی جو ہم نے مان لیا جب دوبارہ ہم نے احتجاج کرتے ہوئے سڑک بند کر دی تو مذاکرات میں یہ طے پایا کہ اپ حلفیہ بیان دیں کہ یہ 6969 کا مستند ڈیٹا ہے اب ہمیں دوبارہ کہا جا رہا کہ پھر سے ویریفکیشن ہوگی جس کو ہم نہیں مانتے کیونکہ ہماری تاجر برادری کا ویریفکیشن ہو چکا ہے اور حلف بھی ہم سے لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بار بار ویریفکیشن کا عمل معاوضے ملنے میں تاخیر کا سبب بن رہا ہے۔ انہوں نے حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ انکو میر علی تاجر برادری کی طرح معاوضوں کے چیک جاری کئے جائے ورنہ احتجاج پر مجبور ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ بیس نومبر کو میرانشاہ میں آئندہ کا لائحہ عمل کریں گے۔