لائف سٹائل

شانگلہ اور کوہستان میں بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ، ایک شخص جاں بحق

 

عمر باچا
خیبر پختونخوا کے شمال میں واقع شانگلہ اور کوہستان میں شدید بارشوں سے ندی نالوں میں طغیاتی آگئی۔ لینڈ سلائیڈنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ قراقرم ہائے وے سمیت اکثر و بیشتر رابطہ سڑکیں ٹریفک کیلئے بند ہوگئی اور مسافر اور سیاح راستوں میں پھنس گئے۔

جمعرات کی شب سے شروع ہونیوالی طوفانی بارشیں جمعہ کی صبح تک جاری رہی جس سے ندی نالے بپھر گئے اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث اہم شاہراہیں بند ہوگئیں۔
ضلعی انتظامیہ شانگلہ کے مطابق رانیال کے مقام پر سیاحوں کی سوزکی گاڑی سلائیڈنگ کی زد میں آگئی جس میں موجود ڈرائیور کرامت علی سکنہ چارسدہ جاں بحق جبکہ ساتھی زخمی ہوگیا۔ باقی 9 سیاح حادثے میں معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔

پولیس سٹیشن کروڑہ کے ایس ایچ او افضل خان نے بتایا کہ زخمی اور ڈرائیور کی نعش کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ زخمی کو الپوری ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ادھر کوہستان اپر کے تحصیل ہربن کے تحصیل چیئرمین اسد اللہ خان نے بتایا کہ شاہراقراقرم ہائے وے اُچھار نالہ سمیت، گوہر آباد چلاس، پٹن، جیجال میں بلاک ہوا ہے جس سے مسافراور سیاح پھنس گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بارشوں کی وجہ سے سیلاب نے ان کے علاقے ہربن کو بری طرح متاثر کیا اور ہربن کا روڈ مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ سے بند ہوگیا ہے۔
وقار احمد اسسٹنٹ کمشنر، داسو نے بتایا کہ قراقرم ہائے وے کے زیادہ تر حصے کو ٹریفک کیلئے کلیر کردیا گیا ہے اور باقی پر کام جاری ہے۔

یاد رہے گزشتہ روزضلع شانگلہ میں کرکٹ گراؤنڈ پر مٹی کا تودہ گرنے سے 8 بچے جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا تھا۔ میڈیا کے ساتھ گفتگو میں ڈپٹی کمشنر ضلع شانگلہ حسن عابد نے بتایا کہ مرتونگ کے علاقے کز کلے میں ایک کرکٹ گراؤنڈ پر بچے کھیل رہے تھے کہ لینڈ سلائیڈ ہو گئی اور بچے اس کے نیچے دب گئے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button