خیبر پختونخوالائف سٹائل

شانگلہ: کرکٹ گراؤنڈ پر مٹی کا تودہ گرنے سے 8 بچے جاں بحق

آفتاب مہمند

خیبر پختونخوا: ضلع شانگلہ میں کرکٹ گراؤنڈ پر مٹی کا تودہ گرنے سے 8 بچے جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔

قبل ازیں ڈپٹی کمشنر شانگلہ حسن عابد نے 9 بچوں کے جاں بحق ہونے کی خبر دی تھی تاہم اب تک 8 بچوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو سکی ہے۔

میڈیا کے ساتھ گفتگو میں حسن عابد نے بتایا کہ مرتونگ کے علاقے کز کلے میں ایک کرکٹ گراؤنڈ پر بچے کھیل رہے تھے کہ لینڈ سلائیڈ ہو گئی اور بچے اس کے نیچے دب گئے۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق ریسکیو 1122 کی ٹیمیں امدادی سرگرمی میں مصروف ہیں جبکہ رورل ہیلتھ سینٹر مرتونگ سمیت تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پران میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، "ابتدائی طور پر 6 بچوں کی لاشیں اور ایک بچی کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا۔ بھاری مشینری کے ذریعے دیگر بچوں کی تلاش جاری تھی اور مزید لاشیں نکال لی گئیں۔”

انہوں نے کہا کہ زخمی بچی اور لاشوں کو رورل ہیلتھ سینٹر مرتونگ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ ریسکیو آپریشن میں مقامی لوگ بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

ڈی سی حسن عابد نے بتایا کہ حکومت خیبر پختونخوا کی پالیسی کے مطابق جاں بحق افراد کے لواحقین کو 5 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 2 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ جاں بحق بچوں کی عمریں 9 سال سے 14 سال کے درمیان ہیں۔

یہ بھی یاد رہے کہ اس سے قبل 12 جنوری 2022 کو خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ میں ایک گھر لینڈ سلائیڈ کی زد میں آیا تھا جس کے نتیجے میں دو بچے جاں بحق ہوئے تھے جبکہ خاندان کے 9 افراد دب گئے تھے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button