لائف سٹائل

مون سون کا آغاز، 18 اضلاع میں تیز بارش اور طوفان کی پیشن گوئی

 

محمد فہیم

خیبر پختونخوا میں 3جولائی سے مون سون کی بارشیں شروع ہونے کی پیشن گوئی کردی گئی ہے جو 8 جولائی تک جاری رہیں گی۔ پشاور ، مردان، کرم ، بنوں، اپر و لوئر چترال سمیت 18اضلاع میں تیز بارش اور طوفان کا امکان ہے جبکہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے صوبہ بھر میں الرٹ جاری کردیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 3جولائی کی شام سے 8جولائی تک پشاور، اپر و لوئر چترال، سوات، مانسہرہ، اپر و لوئر کوہستان ، کولائی پالس، ہری پور، مردان، صوابی، نوشہرہ، کرم ،بنوں ، لکی مروت اور کوہاٹ میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔

بارش، طوفان اور ژالہ باری سے خیبر پختونخوا کے تمام پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے جبکہ نشیبی علاقوں سمیت شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے جس کیلئے فوری اقدامات اٹھانے کی سفارش کی گئی ہے۔ آندھی ،طوفان ،جھکڑ ، آسمانی بجلی اور گرج چمک سے کمزور عمارتوں ، بجلی کے کھمبوں اور سولر پینل کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی خیبر پختونخوا کی جانب سے تمام ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کردیا گیا ہے جس میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں اور تیز ہواوں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایات کی گئی ہے بارش اور طوفان کے باعث بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی بھاری مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق بارشوں سے پشاور،چارسدہ، نوشہرہ اورمردان کے بعض علاقوں میں اربن فلڈنگ کا امکان ہے۔ حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی افراد کو ایڈوائزری کی ترسیل یقینی بنائی جائیگی۔ پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ اسپیل میں ہنگامی خدمات کے اہلکاروں کی دستیابی یقینی بنائی جائے اور سیاحوں کو موسمی صورت حال سے آگاہ کیاجائے۔ سیاح بھی دوران سفر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button