ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے ضیاءالدین موٹر سائیکل پر ناروے سے لنڈیکوتل پہنچ گئے
پاکستانی نژاد ناروین شہری اور ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے پیرزادہ ضیاءالدین شینواری موٹر سائیکل پر 16 ممالک کا چکر لگا کر لنڈیکوتل پہنچ گئے.
مچنی چیک پوسٹ پر ان کا استقبال لنڈیکوتل کے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر رمیز علی اور صحافیوں نے کیا.
بعد ازاں پریس کلب میں پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ میں نے اپنا سفر 22 مئی کو ناروے سے شروع کیا اور سولہ مختلف ممالک سے ہوتا ہوا 4 جون کو پاکستان میں اپنے آبائی علاقے لنڈیکوتل پہنچا۔
انہوں نے کہا کہ وہ روزانہ 400 کلومیٹر کا سفر تقریبا 4 گھنٹے میں طے کرتا تھا ان سولہ ممالک کو کراس کرتے ہوئے 9 ہزار کلومیٹر کا سفر طے کیا جس پر پندرہ لاکھ روپے کا خرچہ آیا۔
انہوں نے کہا کہ میرے سفر کا مقصد پاکستان کی ساکھ اور سافٹ امیج دنیا کو دکھانا تھا اس کے علاوہ ٹورازم اور پاکستانی کلچر کو پروموٹ کرنا بھی میرا مقصد تھا۔
پیرزادہ ضیاءالدین شینواری نے پاکستانی انتظامیہ اور صحافیوں کا پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا.