دیربالا: سیاحتی مقام سیدگی جھیل تک پہنچنا اب سب کے لیے ممکن ہوگا
ناصر زادہ
دیربالا سیاحتی مقام سیدگی جھیل تک سڑک بنانے کا افتتاح کردیا گیا، دس کلومیٹر سڑک کے لیے 305 ملین روپے منظور ہوچکے ہیں جبکہ سڑک کی تعمیر سے دیربالا کے عشیری درہ کی سیاحت کو فروغ ملے گا۔
سابقہ وزیر اعلی محمود خان کے منظور کردہ سیدگی جھیل سڑک کا افتتاح تحصیل چیئرمین لرجم عبدالطیف خان نے کیا، اس موقع پر علاقے کے مشران بھی موجود تھے۔
افتتاحی تقریب کے بعد عبدالطیف خان نے ٹی این این کو بتایا کہ سیدگی جھیل سڑک کا منصوبہ عشیری درہ کے عوام کا درینہ مطالبہ تھا، اس سڑک کی منظوری سابقہ وزیراعلی محمود خان نے پچھلے سال دی تھی تاہم سیلاب کی وجہ سے اس منصوبے پر کام تاخیر سے شروع کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے سے سیدگی جھیل، جو ایک تاریخی حیثت رکھتا ہے، پر سیاحوں کو جانے میں آسانی ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ خود اس منصوبے کی نگرانی کرتے ہیں اور اس کو ایک مثالی سڑک بنائیں گے۔
مقامی مشر احسان اللہ ایڈووکیٹ نے کہا کہ اس منصوبے سے عشیری درہ میں سیاحت میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا سیدگی جھیل دیکھنے ہر دلی خواہش ہوتی ہے تاہم سڑک نہ ہونے کی وجہ سے یہ علاقہ سیاحوں کی نظروں سے اوجھل تھا۔
خیال رہے کہ سیدگی جھیل عشیری درہ کے آخری سرے پر واقع ہے ہرسال موسم گرما میں سینکڑوں سیاح عشیری درہ سے اور مختلف علاقوں سے پیدل سات سے نو گھنٹے پیدل فاصلہ طے کرکے سیدگی جھیل دیکھنے پہنچتے ہیں۔