چارسدہ : صحافی افتخار احمد کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم گرفتار
خیبرپختونخوا پولیس نے چارسدہ کے علاقے شبقدر میں ایکسپریس نیوز کے صحافی افتخار احمد کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ہونے والے سیف اللہ نے 2جولائی کو صحافی افتحا احمد کو گولیاں مار کر قتل کردیا تھا، ملزم سے الہ قتل بھی برآمد ہوگیا۔
پولیس نے بتایا کہ صحافی افتحار احمد کے قاتل کی گرفتاری کیلیے جدید انداز (سائنسی خطوط) سے تفتیش کی گئی، جس کے نتیجے میں ملزم کی گرفتاری عمل میں آئی۔
پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت سیف اللہ کے نام سے ہوئی جبکہ ملزم سیف اللہ صحافی افتخاراحمد کیساتھ میڈیسن/ کاسمیٹک شاپ میں بطور ملازم ڈیوٹی پر مامور تھا اور زبانی تلخ کلامی کے بعد ملزم سیف اللہ نے صحافی افتخار احمد کو تنہا پاکر قتل کردیا تھا۔
پولیس کے بقول ملزم نے اپنی شناخت چھپانے کی خاطر وقوعہ سے پہلے سی سی ٹی وی کیمرے بند کردیئے تھے اور سلینسر لگی پستول سےصحافی افتحار احمد پر فائرنگ کرکے قتل کردیا جبکہ وقوعہ کے دوران قاتل اور مقتول کے علاوہ کوئی موجود نہیں تھا۔
یہ بھی پڑھیں ؛ صحافی افتخار احمد کے قتل میں ملوث 3 ملزمان گرفتار کر لئے۔ پولیس کا دعوی
ملزم کو پولیس نے گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جہاں جج نے اُسے ایک روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
واضح رہے کہ 2 جولائی کو خیبرپختونخوا کے علاقے چارسدہ شبقدر میں نامعلوم افراد نے ایکسپریس نیوز کے نمائندہ خصوصی کو فائرنگ کر کے شہید کردیا تھا۔ جس پر وزیراعلیٰ نے نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی تھی۔
بعد ازاں آئی جی خیبرپختونخواہ معظم جا نے ایس پی انویسٹی گیشن چارسدہ کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی۔