مری: مرنے والوں کی تعداد 21، سب کی شناخت ہو گئی، 4 قریبی رشتہ داروں کا تعلق ضلع مردان سے ہے!
مری میں سردی سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 21 ہو گئی، جبکہ وزیرداخلہ شیخ رشید نے فوج اور سول آرمڈ فورسز کو طلب کر لیا۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق مری سے ٹریفک میں پھنسی 23 ہزار سے زائد گاڑیاں نکالی جا چکی ہیں لیکن اب بھی سینکڑوں گاڑیاں ٹریفک میں پھنسی ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے مطابق سیاحوں کے بڑی تعداد میں آنے سے راستے بند ہو گئے ہیں، گزشتہ بارہ گھنٹوں سے ہم راستے کھولنے کی کوشش کر رہے ہیں، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ فوج، سول آرمڈ فورسز، رینجرز اور ایف سی کی مدد طلب کریں تاکہ لوگوں کو نکالا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ مری میں سیاحوں کی بڑی تعداد میں موجودگی کے باعث شدید سردی میں انہیں خوراک کا مسئلہ ہے، میری مری کے لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ ان پھنسے سیاحوں کو گاڑیوں میں کمبل دیں اور خوراک مہیا کریں۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو کی جانب سے سانحے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تفصیلات جاری کر دی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مرنے والوں میں 4 کا تعلق ضلع مردان سے ہے جو آپس میں رشتہ دار ہیں، تین کا تعلق تازہ گرام تحصیل کاٹلنگ جبکہ ایک کا تعلق میاں عیسی لوندخوڑ تحصیل تخت بھائی سے ہے، جاں بحق ہونے والوں میں ستائس سالہ سہیل خان ولد فضل الرحمن، بائیس سالہ اسد ولد زمان شاہ، اکیس سالہ محمد بلال ولد محمد غفار اور چوبیس سالہ محمد بلال حسین ولد محمد غوث خان شامل ہیں۔
اسی طرح دیگر مرنے والوں میں زاہد ولد ظہور عمر 27 سال کمال آباد گاڑی کیری بولان، اشفاق ولد یونس عمر 31 سال گوجرانوالہ کار نمبر LEA-9312، معروف ولد اشرف عمر 31 لاہور کار نمبر LEA-9312، نامعلوم مرد عمر 30 لاہور کار LEA-9312، نوید اقبال ولد مراقب اے ایس آئی اسلام آباد پولیس عمر 49، اہلیہ نوید اقبال عمر 43 سال اور ان کی چار بیٹیاں دو بیٹے کار نمبر 483 شامل ہیں۔
دیگر میں محمد شہزاد ولد اسماعیل عمر 46 راولپنڈی، اہلیہ مسز شہزاد عمر 35 سال اور ان کے دو بچے بھی مرنے والوں میں شامل ہیں۔